میئر نیویارک کا تارکینِ وطن کی آمد میں مسلسل اضافے پر اظہارِتشویش
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے تارکینِ وطن کی آمد میں مسلسل اضافے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی ایمیگرینٹس کی تعداد میں اضافہ جرائم کی شرح کو بڑھانے کا باعث بنےگا۔سٹی ہال میں اپنی انتظامیہ کے ارکان کے ہمراہ ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ دو سال قبل اس شہرمیں امن کی صورتحال بہت خراب تھی، رات کے وقت لوگ سب وے اسٹیشن پر جانے سے ڈرتے تھے۔انھوں نے کہا کہ ہم اس وقت ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد پناہ گزینوں کی آمد اور ان کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہیں، اس کے ساتھ البانی سے بھی تارکینِ وطن یہاں نیویارک میں آگئے ہیں ، ان دونوں شہروں میں فرق ہے ، البانی کی انتظامیہ نے پناہ گزینوں کو کام کی اجازت دی ہے لیکن ہم نہیں دے سکتے ۔گرینڈ سینٹرل پر پیش آئے واقعے سے متعلق سوال کے جواب میں ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ پولیس کمشنر کبان اس معاملے پر انھیں بریفنگ دیں گے تاکہ واقعے کے اصل محرکات کا علم ہوسکے۔ میئر نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے بھی مزید 4 ہزار پناہ گزین شہر میں آئے ہیں ، ہم نے ہفتے چار ہزار تارکین وطن کے لیے رہائش، خوراک اور کپڑوں سمیت دیگر ضروری سہولتوں کا انتظام کرنا ہے، اس حساب سے ہر مہینے سولہ ہزار پناہ گزین کا اضافہ ہورہا ہے جو مسائل کے ساتھ ساتھ جرائم کی شرح میں بھی اضافے کا سبب بنے گا۔