کرسمس کی تیاریاں مکمل، در و دیوار روشنیوں سے سج گئے
کل دنیا بھر میں مسیحی برادری کا مذہبی تہوار کرسمس منا یا جا ئے گا، مسیحیوں کے مذہبی تہوار کرسمس کی تیاریاں جاری ہیں۔ امریکہ میں کرسمس کے موقع پر گھروں اور بازاروں کو رنگ برنگی روشنیوں، کرسمس ٹری اور دیگر چیزوں کی مدد سے خوب سجایا جاتا ہے۔ کرسمس کا تہوار ہر سال 25 دسمبر کو دنیا بھر میں جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔خوشیوں کے اس موقع کو مختلف طریقوں سے یادگار بنایا جاتا ہے۔ کرسمس کے تہوار کے موقع پر وائٹ ہاؤس بھی جگمگا رہا ہے۔ اس موقع پر کی جانے والی سجاوٹوں اور لگائے جانے قمقموں سے سرمائی خوشیوں میں شامل ہونے کے لیے آنے والے ایک لاکھ لوگ یقینی طور پر لطف اندوز ہوں گے۔اِن چمکدار نظاروں میں 300 موم بتیاں، 4,564 میٹر لمبے ربن، 22,100 گھنٹیاں، 33,892 سجاوٹی اشیاء اور 142,425 کرسمس کے موقع پر لگائے جانے والے قمقمے شامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس اور اس سے ملحقہ احاطوں میں کرسمس کے 98 ٹریز یعنی درختوں کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے پھول، پھولوں کے ہار اور پھولوں کی چادریں بھی سجاوٹ کا حصہ ہیں۔نیو یارک کے علاقے راکا فیلر سینٹر پر کرسمس ٹری صرف نیو یارک ہی نہیں بلکہ کرسمس کا انٹرنیشنل آئیکون بن چکا ہے۔راکا فیلر سینٹر کی عمارت بھی کرسمس کی خصوصی سجاوٹ سے منور ہے۔ جسے دیکھنے لوگ جوق در جوق آتے ہیں۔