بالی وڈ کنگ خان کے دبئی کے آسمان پر بھی چرچے
شاہ رخ خان کی فلم ڈنکی کل سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے، دبئی کا آسمان کنگ خان کے ’مشہور رومانوی انداز‘ سے روشن ہوگیا۔شائقین کو بالی وڈ کنگ کی اس سال کی تیسری فلم ’ڈنکی‘ کا بے صبری سے انتظار تھا، ان کا یہ انتظار کل ختم ہونے والا ہے۔ تاہم فلم کی ریلیز سے قبل دبئی کے آسمان میں ڈرونز کے ذریعے روشنی بکھیرتے ہوئے شاہ رخ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ڈنکی کی تشہیر کے سلسلے میں دبئی میں کئی ڈرونز نے آسمان کو روشن کیا۔ ڈرونز کے ذریعے شاہ رخ خان کا نام، ان کا مشہور رومانوی پوز اور ایک ہوائی جہاز کی شکلیں بنائی گئیں۔ڈنکی کا ٹریلر مشہور برج خلیفہ پر بھی دکھایا گیا، جسےدیکھنے کے لیے وہاں بالی وڈ اداکار کے بہت سارے مداح بھی وہاں موجود تھے۔دبئی میں فلم ڈنکی کے لیے سجائی گئی ڈرون ایونٹ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔شاہ رخ اس وقت فلم کی پروموشن کے لیے دبئی میں ہیں جبکہ ڈنکی کے ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی اور مصنف ابھیجت جوشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔شاہ رخ خان نے دبئی کے آسمان میں ڈرونز کےبنائے گئے اپنے پوز اور نام کا خود بھی کافی انہماک سے مشاہدہ کیا۔ وہ کالی ٹی شرٹ اور سرخ جیکٹ میں ملبوس تھے۔