ورون دھون فلم کی شوٹنگ کے دوران لوہے کی سلاخ لگنے سے زخمی
فلم کی شوٹنگ کے دوران بالی وڈ کے نوجوان اداکار ورون دھون زخمی ہوگئے، لوہے کی سلاخ لگنے کے سبب انھیں چوٹیں آئیں۔36 سالہ اداکار نے اپنی چوٹ سے متعلق مداحوں کو انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے اطلاع دی۔ ورون دھون نے شیئر کی جانے والی پوسٹ میں بتایا کہ ان کی بائیں ٹانگ میں چوٹ آئی اور لوہے کی سلاخ سے ان کی پنڈلی میں چوٹ لگی ہے۔ورون نے اپنی زخمی ٹانگ کی تصویر کے کیپشن میں لکھا، ’سوجی ہوئی پنڈلی، لوہے کی سلاخ سے مجھے چوٹ لگ گئی۔‘وہ فی الحال تامل ہدایت کار کیلیس کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جسے ایٹلی اور ان کی اہلیہ پریا موہن کے بینر اے فار ایپل اسٹوڈیوز نے پروڈیوس کیا ہے۔فی الحال ابھی اس پروجیکٹ کا نام سامنے نہیں آیا۔ ورون نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ آیا وہ فلم کے سیٹ پر زخمی ہوئے تھے یا کہیں اور انھیں چوٹیں آئی ہیں۔