گھر بیٹھے اقوامِ متحدہ میں انٹرن شپ کا موقع
اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے سسٹین ایبل فنانس کے شعبے میں ریموٹ پروگرام مینجمنٹ انٹرن شپ کیلئے درخواستیں طلب کرلیں۔ یہ انٹرن شپ دنیا بھر سے طلبہ اور نوجوان پروفیشنلز کیلئے دستیاب ہے، جس کے تحت امیدوار گھر بیٹھے عالمی ترقیاتی منصوبوں پر کام کرسکیں گے۔
یہ انٹرن شپ یو این ڈی پی کے “فنانس اگینسٹ سلیوری اینڈ ٹریفکنگ” (FAST) پروگرام کے تحت دی جا رہی ہے، جس کا مقصد جبری مشقت، انسانی اسمگلنگ اور جدید غلامی کے خاتمے کیلئے مالیاتی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔ پروگرام اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی ہدف 8.7 کی حمایت کرتا ہے۔اعلامیے کے مطابق انٹرن شپ مکمل طور پر آن لائن ہوگی، تاہم اس کا تعلق نیویارک میں قائم یو این ڈی پی کے سسٹین ایبل فنانس ہب سے ہوگا۔ انٹرن شپ کی مدت 6 ماہ رکھی گئی ہے جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 مئی 2026 ہے۔منتخب امیدوار پروگرام مینجمنٹ، ریسرچ، رپورٹنگ، میٹنگز، ایونٹس اور مختلف عالمی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں میں معاونت فراہم کریں گے۔یو این ڈی پی کے مطابق امیدواروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں زیرِ تعلیم ہوں، بیچلر کے آخری سال میں ہوں یا حال ہی میں گریجویشن مکمل کی ہو۔ بین الاقوامی تعلقات، فنانس، اکنامکس، پبلک پالیسی، سسٹین ایبل فنانس اور متعلقہ شعبوں کے طلبہ کو ترجیح دی جائے گی۔ادارے کا کہنا ہے کہ امیدواروں میں بہترین کمیونیکیشن اسکلز، آرگنائزیشنل صلاحیت، مائیکروسافٹ آفس پر مہارت اور ڈیٹا اینالیسز ٹولز کا علم ہونا چاہیے۔ انگریزی زبان میں مہارت لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ فرانسیسی سمیت دیگر اقوامِ متحدہ کی زبانوں کا علم اضافی فائدہ سمجھا جائے گا۔یو این ڈی پی کے مطابق منتخب امیدواروں کو ادارے کی پالیسی کے تحت وظیفہ بھی دیا جاسکتا ہے تاکہ روزمرہ اخراجات میں مدد مل سکے۔