نیویارک، شہریوں کو سفری کرایوں میں رعایت دینے کیلئے 20 ملین ڈالرز مختص
نیویارک کی شہری حکومت کے تحت کم آمدنی والے شہریوں کو سفر کے دوران بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں پچاس فیصد تک رعایت دینے کیلئے ایک منصوبے پر بیس ملین ڈالرز مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ منصوبے کا اعلان میئر نیویارک ایرک ایڈمز ،نیویارک سٹی کونسل کے اسپیکر ایڈرین ایڈمز اور نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف سوشل سروسز کمشنر مولی واسو پارک نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ نیویارک سٹی نے مہلک وباء کورونا کے دوران کھوئی ہوئی تقریباً ایک ملین ملازمتوں میں سے تمام کو دوبارہ حاصل کر لیا ہے ۔ سٹی کونسل کے ساتھ شراکت داری میں اس پروگرام سے عوامی نقل و حمل کی رفتار کو آگے بڑھانے ،شہریوں کی جیبوں پر بوجھ کم کرنے اور شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو زیادہ قابل رسائی بنانے میں مدد ملے گی۔ اسپیکر ایڈرین ایڈمز کا کہنا ہے کہ نیویارکرز کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کیلئے شہر کے پبلک ٹرانزٹ سسٹم تک رسائی کو بڑھانا بہت ضروری ہے۔ڈی ایس ایس کمشنر مولی واسو پارک کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام کم آمدنی والے شہریوں کیلئے کارگر ثابت ہوگا۔