برطانیہ کی معروف یونیورسٹی آف گلاسگو نے 2026/2027 کے تعلیمی سال کے لیے عالمی قیادت اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت بین الاقوامی اور یورپی طلبہ کو 281 اسکالرشپس دی جائیں گی۔
اس پروگرام کے تحت منتخب طلبہ کو ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ ماسٹرز پروگرام کے لیے 10 ہزار پاؤنڈ تک ٹیوشن فیس میں رعایت دی جائے گی۔ اسکالرشپ ان طلبہ کے لیے مختص ہے جو تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی اور قائدانہ صلاحیت رکھتے ہوں۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق صرف وہ طلبہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے جنہیں یونیورسٹی آف گلاسگو کے کسی فل ٹائم ماسٹرز پروگرام میں داخلے کی پیشکش مل چکی ہو۔ آن لائن، پارٹ ٹائم اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرام اس اسکالرشپ میں شامل نہیں ہیں۔اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے امیدوار کا تعلیمی ریکارڈ برطانیہ کے فرسٹ کلاس آنرز ڈگری کے مساوی ہونا ضروری ہے۔ کامیاب امیدواروں کو نہ صرف مالی معاونت ملے گی بلکہ انہیں عالمی معیار کے تعلیمی ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔یونیورسٹی آف گلاسگو برطانیہ کی ممتاز تحقیقی جامعات میں شمار ہوتی ہے اور دنیا بھر سے آنے والے طلبہ کے لیے ایک اہم تعلیمی مرکز سمجھی جاتی ہے۔ اسکالرشپ کے لیے درخواستوں کی آخری تاریخ کا اعلان موسم گرما 2026 میں کیا جائے گا۔