آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ امریکہ،اہم شخصیات سے ملاقاتیں
پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر امریکا کے دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے نیویارک میں مصروف دن گزارا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں بطور آرمی چیف یہ ان کا پہلا دورہ امریکا ہے۔ جنرل عاصم منیر 11 دسمبر کو واشنگٹن ڈی سی پہنچے جہاں امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن اور جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل سی کیو براؤن سے ملاقاتوں میں سلامتی سے متعلق امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی۔ملاقات میں دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دفاعی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ دونوں سائیڈز نے باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی کو متاثر کرنے والے پہلوؤں پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس تناظر میں، آرمی چیف نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔علاوہ ازیں پاکستان کے آرمی چیف نے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام منعقدہ استقبالیے میں بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔آرمی چیف نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ملکی ترقی کیلئے ادا کئے جانے والے کردار کو مثبت قرار دیا اور کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے SIFC کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہُوئے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی بھی دعوت دی۔ آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امریکہ پاکستان کیلئے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔ آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ اور اِس طرح کے دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے – بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں ۔ آخر میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں ۔انہوں نے افواج کی پاکستان کیلئے خدمات کو بھی سراہا۔آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کیلئے اپنی بہترین خواہشات کا اظہار بھی کیا۔