کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ، مستونگ اور قلات سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں مطلع کہیں جزوی اور کہیں مکمل ابر آلود رہا۔
کوئٹہ میں صبح کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اور قلات میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمال مغربی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چاغی، تربت، پنجگور، نوکنڈی، دالبندین، ژوب، کوئٹہ، قلات، زیارت، چمن، قلعہ سیف اللّٰہ اور قلعہ عبداللّٰہ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
بارش اور برف باری کے بعد کوئٹہ اور صوبے کے شمالی علاقوں میں ہفتہ سے منگل تک سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب کل سے 18 دسمبر کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔