نئے تعلیمی سال میں طلباء کو میٹرو کارڈ کی بجائے او ایم این وائے کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ
طلباءکو ملنے والے او ایم این وائے کارڈز نیو یارک سٹی کے سب ویز، بسوں، اسٹیٹن آئی لینڈ ریلوے، روزویلٹ آئی لینڈ ٹرام اور ہڈسن ریل لنک پر کام کریں گے،کارڈ24گھنٹے کےلیے کارآمد ہوں گے،نوجوانوں خصوصا طلباء کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ضروری ہے۔مئیر نیویارک
نیویارک (ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے سرکاری اسکولوں کے اہل طلباء جلد ہی سب وے پر مزید مفت سواری حاصل کریں گے۔نیویارک میں نئے تعلیمی سال کے موقع پر طلباء کو پبلک ٹرانسپورٹ میں مفت سواری کے لیے میٹرو کارڈ کی بجائے سبز رنگ کے او ایم این وائے کارڈ جاری کیے جائیں گے۔مذکورہ کارڈ 24 گھنٹے کے لیے کارآمد ہوں گے۔اس سے قبل اسکول کے جاری کردہ میٹرو کارڈز طلباء کو روزانہ صبح 5:30 بجے سے شام 8:30 بجے کے درمیان صرف تین سواریوں تک محدود رکھتے تھے اور مذکورہ وقت تک ہی مفید رہتے تھے۔وہ بھی جب کلاس کا سیشن ہوتا تھا۔اب ایسا نہیں ہے نئے جاری ہونے والے کارڈ چار سواریوں تک محدود ہوں گے۔کلاس کا سیشن ہو یا نہ ہو۔طلباء کارڈ استعمال کرسکین گے۔حکام کا خیال ہے نئی تبدیلیوں سے طلباء کی روزمرہ کی سفری ضروریات کے لیے لچک کو وسعت دینا ہے اور یہ کارڈ نیویارک کے طلباء کے لیے گیم چینجر ہیں، خاص طور پر محنت کش طلباء کے لیے بے حد ضروری ہیں کیونکہ وہ اپنے خاندان کے لیے کام کرتے ہیں۔حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ خاندان جہاں بڑے بہن بھائی اپنے چھوٹے بھائیوں اور بہنوں کو اسکول سے لینے آتے ہیں ان کی مدد ہوسکے گی کیونکہ یہ لوگ کام کاج چھوڑ کر آتے ہیں۔ نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ ہم اپنے شہر اور لوگوں کے لیے جو ممکن ہے کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد خاص طور پر نوجوانوں اور کم آمدنی والے نیو یارک والوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر سستا اور آسان بنارہے ہیں۔طلباء کو ملنے والے او ایم این وائے کارڈز نیویارک سٹی کے سب ویز، بسوں، اسٹیٹن آئی لینڈ ریلوے، روزویلٹ آئی لینڈ ٹرام اور ہڈسن ریل لنک پر کام کریں گے اورطلباء میں یہ کارڈ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ان کے اسکولوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔حکام کا یہ بھی خیال ہے کہ یہ پروگرام طلباء کو پبلک ٹرانزٹ سسٹم سے سفر کرنے کا عادی بنائے گا ۔میٹرو کارڈ 1997 سے شہر بھر کے طلباء میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔