رواں سال پاکستانی گلوکار عاطف اسلم موسیقی کی دنیا میں ٹاپ پر رہے
لاہور:رواں برس پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور طلحہ انجم ایک بار پھر موسیقی کی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کامیاب رہے ہیں اور پاکستان کے سب سے زیادہ سٹریم کیے جانے والے گلوکاروں کی فہرست میں شامل ہیں۔سال 2023 میں سب سے زیادہ سنے جانے والے پاکستانی گلوکاروں کی فہرست جاری کردی گئی۔مجموعی طور پاکستان میں سب سے زیادہ سٹریم کیے جانے والے گلوکار بھارتی ارجیت سنگھ ہیں، ان کے علاوہ پریتم، اے پی ڈھلن، عاطف اسلم، طلحہ انجم، ٹیلر سوئفٹ،نصرت فتح علی خان،آنجہانی موسے والا،راحت فتح علی خان اور عاصم اظہر وغیرہ بھی شامل ہیں۔پاکستان میں گلوکاراؤں میں پسوڑی سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی شائی گل اوّل نمبر پر ہیں،ان کے بعد مومنہ مستحسن اور عابدہ پروین کو سب سے زیادہ سنا گیا، فہرست میں قرۃ العین بلوچ، نصیبو لال اور آئمہ بیگ بھی شامل ہیں۔اسی طرح 23 سال قبل انتقال کرجانے والی نازیہ حسن اب بھی سب سے زیادہ سنے جانے والی گلوکاراؤں کی فہرست میں شامل ہیں، نوجوان گلوکار عمیر اور عبدالحنان بھی10 زیادہ سنے جانے والے پاکستانی گلوکاروں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔مقبول پاکستانی گانوں کی بات کی جائے تو کیفی کے گانے ’’کہانی سنو‘‘ کو کوئی اور نغمہ مقبولیت میں شکست نہیں دے سکا تاہم نئے گلوکار عبد الحنان کے نغموں ’’ارادے، بکرا اور سیا‘‘ نے بھی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے۔اگر بات کی جائے میوزک البم کی تو طلحہ انجم کے ’’اوپن لیٹر‘‘ نے پاکستانی گلوکاروں کے البمز میں میدان مار لیا ہے،اس البم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے صرف شبھ کے سٹیل رولن نے پیچھے چھوڑا۔