علامہ اقبال کے فکر و فلسفے سے دوری مسلمانوں کی ناکامی قرار
ٹیکساس:امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں کینٹکنگ ڈوٹس کی جانب سے یوم اقبال کے حوالے سے ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔نومبر کا مہینہ آتا ہے تو اقبال کی شخصیت ان کی شاعری اور فکر و فلسفے پر ادبی سماج میں اظہار خیالات کی شمعیں روشن ہونے لگتی ہیں۔اسی حوالے سے ڈیلس ، ٹیکساس میں کنیکٹنگ ڈاٹس Connecting Dots کی جانب سے یوم اقبال کے حوالے سے ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اغاز ڈاکٹر سعد اقبال نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ اس موقع پر کنیکٹنگ ڈاٹس کی صدر غزالہ حبیب نے کہا کہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ادبی اور سماجی حلقے اقبال ڈے عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ اج دنیا بھر میں اقبال کے علم و حکمت اور فلسفے کو قبولیت عام حاصل ہوتی جا رہی ہے اور ہم اس سال مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا ایک 145واں یوم ولادت منا رہے ہیں۔تقریب کی صدارت کرتے ہوئے معروف شاعر جناب یونس اعجاز نے کہا کہ اقبال کی شخصیت یکتائے زمانہ ہے اور کوئی دوسرا شاعر ان کے طرز سخن کو اختیار نہیں کر سکا۔ اقبال کی شاعری مسلمانوں کے لیے ایک افاقی پیغام ہے اور وہ ایک صاحب بصیرت مسلم فلسفی اور امت مسلمہ کو اپنی شاعری سے بیدار کرنے والے شاعر ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر بلال پراچہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کے فکر و فلسفے سے دوری ہی مسلمانوں کی ناکامی کا باعث ہے۔اقبال کی صرف شاعری ہی نہیں بلکہ ان کے خطبات ان کی دیگر نثری تحریروں میں فلسفیانہ افکار اور ان کی خطوط بھی اہل دانش و بینش کی خاص توجہ چاہتے ہیں۔ تقریب میں دیگر مقررین رانا علی، ضیاء الحسن، اصیل خان،اشرف بشیر،اقبال حسن عشرت اللہ دتا ،انجم کبیر، سلمیٰ نسرین اور طلعت خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حکیم الامت علامہ اقبال نے امت مسلمہ کے لیے اپنی تڑپ اور فکر کو اشعار کی صورت میں ڈھالا اور مسلمانوں کی ناکامی کو ان کے سوچو عمل میں تضاد قرار دیا۔ اقبال کی شاعری مسلمانوں کی شب تاریک کو صبح نو کا پیغام دیتی ہے اور ان کا فلسفہ خودی رہتی دنیا تک کے لیے پیغام عمل ہے۔مقررین نے کنیکٹنگ ڈاٹس کو بھی مبارکباد پیش کی کہ وہ دیار غیر میں بھی پاکستانی ثقافت کو اجاگر کر رہے ہیں اور مثبت تقاریب کے ذریعے ڈائسپورا کو ملک کی محبت سے منسلک رکھے ہوئے ہیں۔تقریب میں حاضرین کے لیے خصوصی طور پر اقبال کوئز شو کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کے حصہ لیا اور انعامات بھی جیتے۔