حکومت زلزلہ زدگان کو عارضی پناہ گاہ کی تعمیر کے لیے50000 روپے فی خاندان فراہم کرے گی
کھٹمنڈو:نیپالی حکومت نے جاجرکوٹ کے زلزلے سے بے گھر ہونے والے افراد کو عارضی پناہ گاہوں کی تعمیر کے لیے فی خاندان 50,000 روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔3 نومبر کے زلزلے سے 8,000 مکانات کو نقصان پہنچا تھا۔ مغربی نیپال کے جاجر کوٹ میں زلزلے سے کم از کم 154 افراد جاں بحق ہوئے۔ ابتدائی تخمینہ کے مطابق تقریباً 3000 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں جبکہ مزید 5000 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نارائن کاجی شریستھا کی صدارت میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں متاثرہ خاندانوں کو عارضی پناہ گاہوں کے لیے زنک شیٹس سمیت سامان کی خریداری کے لیے رقم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر خزانہ پرکاش شرن مہات، شہری ترقی کی وزیر سیتا گرونگ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہان نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔کابینہ کے اجلاس میں تمام ہسپتالوں میں زلزلے میں زخمی ہونے والوں کا مفت علاج کرنے اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 200,000 روپے فی کس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔