غزہ: یو این اداروں کی غزہ میں ہسپتالوں پر حملے نہ کرنے کی اپیل
نیو یارک:اقوام متحدہ کے اداروں نے غزہ میں ہسپتالوں پر حملے بند کرانے کے لیے عالمی برادری سے ہنگامی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 36 روز میں غزہ کے ہسپتالوں پر 137 حملے کئے جا چکے ہیں۔جنسی و تولیدی صحت سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایف پی اے، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسف اور عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ اونے غزہ اور دیگر علاقوں میں ہسپتالوں پر حملوں میں بچوں سمیت بہت سے لوگوں کیاموات کی اطلاعات کو ہولناک قرار دیا ہے۔فلسطینی ہلال احمر نے بتایا ہے کہ غزہ میں دوسرا بڑا ہسپتال ‘القدس’ ایندھن کی قلت کے باعث عملاً غیرفعال ہو چکا ہے اور ادارے کا اس طبی مرکز سے متواتر رابطہ قائم نہیں رہا اسرائیل کی فوج نے ہسپتالوں کو ہدف بنائے جانے کی تواتر سے تردید کی ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ حماس اور دیگر جنگجو طبی مراکز کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں اور ان کا ہیڈکوارٹر الشفا ہسپتال کے تہہ خانے میں واقع ہے۔عالمی ادارہ صحت کا غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال الشفا کے ساتھ رابطہ منقطع ہو گیا ہے جہاں غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے پانچ زخمی دم توڑ گئے۔الشفا ہسپتال میں قبل از وقت پیدا ہونے والے اور انتہائی نگہداشت میں رکھے گئے نومولود بچے بجلی، آکسیجن اور پانی کی فراہمی منقطع ہونے سے مررہے ہیں جبکہ دیگر کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔متعدد ہسپتالوں میں عملے کو ایندھن، پانی اور بنیادی طبی سہولیات میسر نہیں ہیں جس سے تمام مریضوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔اقوام متحدہ کے اداروں نے کہا ہے کہ طبی مراکز اور شہریوں پر حملے ناقابل قبول، ناقابل معافی اور بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں۔