vosa.tv
Voice of South Asia!

فلسطینی ریاست کا حقیقی وجود انتہائی اہم ہے،فلپ لازارینی

0

ریاض:فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تشدد کے دیرینہ سلسلے کو ختم کرنے کے لیے فلسطینیوں کی الگ ریاست کے تصور کو حقیقت کا روپ دینا ضروری ہے۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب لیگ اور اسلامی تعاون کی تنظیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلپ لازارینی  نے اسلامی دنیا کے رہنماؤں سے کہا کہ وہ موجودہ بحران پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کریں ۔انراکے سربراہ نے رہنماؤں کو بتایا کہ غزہ کے لوگ محسوس کرتے ہیں کہ ان سے غیرانسانی سلوک ہو رہا ہے اور انہیں تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگ یہ یقین دہانی چاہتے ہیں کہ عرب اور مسلمان بھائی اور بہنیں ان کی حالت زار کو سمجھیں گے۔ غزہ سے پرے مغربی کنارے کی صورتحال بھی بگڑ چکی ہے اور لبنان۔اسرائیل سرحد پر بھی تناؤ اور کشیدگی ہے۔لازارینی نے گزشتہ ہفتے غزہ کے اپنے دورے میں محسوس کی جانے والی مایوسی کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے ادارے کی پناہ گاہوں میں جن بچوں سے ملے انہوں نے ان سے روٹی اور پانی طلب کیا۔ وہ جس سکول میں پناہ گزینوں سے ملنے گئے وہاں کبھی ایسے ہی بچے سیکھتے پڑھتے اور ہنستے کھیلتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ اب یہ سکول پناہ گزینوں سے بھر چکا ہے جہاں باوقار زندگی کے لیے درکار کم از کم سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کی بم باری سے انراکے 101 امدادی کارکنوں کی اموات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سوموار کو اقوام متحدہ کے پرچم سرنگوں رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.