نیو یارک : آل رسول اسلامک سینٹر کے زیر اہتمام بڑی گیارہویں شریف کی مناسبت سے عالمی میلاد النبیﷺ کانفرنس
نیو یارک:نیو یارک میں آل رسول اسلامک سینٹر کے زیر اہتمام بڑی گیارہویں شریف کی مناسبت سے عالمی میلاد النبی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ، کانفرنس میں امریکہ میں موجوداور پاکستان سے آئے ہوئے علامءاکرام اور نعت خواں شریک ہوئے۔ عالمی میلاد النبی کانفرنس کے میزبان ڈاکٹر اعجاز الحسن تھے۔محفل کاآغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جس کی سعادت ڈاکٹر اعجاز الحسن نے حاصل کی۔محفل میں خطاب کرتے ہوئے آل رسول اسلامک سینٹر کے روح رواں مخدوم سید تصور الحسن گیلانی نے کہا کہ تمام انبیائے کرام اپنے مقام پر خالق کائنات پروردگار عالم کی علامت اور نشانی ہیں لیکن حضور اکرم ہمارے رب کی سب بڑی شان ہیں۔تقریب کی نظامت کے فرائض عتیق قادری نے ادا کئے۔محفل میں نعت کی افضیلت و اہمیت بیان کرتے ہوئے مولانا صاحب کا کہنا تھا کہ نعتیہ شاعری حضور اکرم کی حسن سیرت کا بیان ہے اور یہ صنف شاعری میں بلند مقام رکھتی ہے ۔ محفل میں سلسلہ نعت خوانی کا آغاز ہوا تو پاکستان سے آئے ہوئے نعت خواں آصف علی ظہوری اور اصغر چشتی نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔نعت خواں حضرات نے اپنے اپنے مخصوص اندازمیں نعتیں اور منقبت غوث اعظم پڑھنے کا شرف حاصل کیا۔تقریب میں فلسطین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بھی کلام پڑھا گیا۔بعد ازاں آقا کی بارگاہ میں سلام پیش کیا گیا، محفل کا اختتام دعائیہ کلمات پر کیا گیا۔