vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر حملہ ناکام ،9 تخریب کار  ہلاک

0

میانوالی : سیکیورٹی فورسز نے بڑی جوابی کارروائی  کرتے  ہوئے پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر تخریب کاروں کا حملہ ناکام بنادیا،،کلیئرنس آپریشن میں تمام نو تخریب کاروں کو جہنم واصل کردیا گیا۔ پاک  فوج  کے  شعبہ  تعلقاتِ  عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق  مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق تخریب کاروں نے میانوالی ٹریننگ ائیربیس پر علی الصبح حملے کی کوشش کی جس پر پاک فوج نے تخریب کاروں کو منہ توڑ جواب دیا۔جوانوں کی بروقت اور موثر کارروائی نے ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس پر تخریب کاروں کا حملہ ناکام بنادیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں پہلے مرحلے میں تین تخریب کار مارے گئے،بعد میں مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن شروع کیا گیا جس میں تمام نو تخریب کاروں کو جہنم واصل کردیا گیا،ائیربیس پر ناکام حملے کے بعد ملحقہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ترجمان کے مطابق حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا،جوانوں نے بروقت اور موثر کارروائی سے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا، تخریب کاری کے ناکام حملے میں فیول باوزور اور تین گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا،تینوں طیارے نان آپریشنل تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کا فوری، پیشہ وارانہ اختتام امن دشمنوں کے لیے یاددہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں،پاکستان کی مسلح افواج ملک سے تخریب کاری کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.