حضرت امام حسین کے فلسفے کو زندگی کے ہر شعبےمیں اپنایا جائے ،فاضل السیلانی کا مجلس سے خطاب
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک میں الخوئی فاؤنڈیشن کے صدر فاضل السیلانی نے کہا ہے کہ نواسہِ رسول حضرت امام حسین کی قربانی کے مقصد کو زندہ رکھنے کا طریقہ یہی ہے کہ ان کے فلسفے کو زندگی کے ہر شعبے میں یاد رکھا جائے،وہ نیویارک میں سالانہ مجلس سے خطاب کررہے تھے۔عاشورہ کے بعد اہلبیت کے قافلے کی کربلا سے کوفہ اور شام کے تکلیف دہ سفر کی داستان بیان کرنے کے لیے محرم الحرام کے دوسرے عشرے کی مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔
شہدائے کربلا کی یاد میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف کاروباری شخصیت میثم رضوی کی رہائش گاہ پر مجلسِ عزاء برپا کی گئی۔مجلس سے خطاب کرتے ہوئے الخوئی فاؤنڈیشن کے پریذیڈنٹ فاضل السیلانی کا کہنا تھا کہ امام حسین سے عقیدت، موودت اور محبت کا تقاضا ہے کہ ان کی تعلیمات کو صرف محرم کے ایام تک محدود نہ کیا جائے۔مجلس میں مومنین کی کثیر تعداد شریک تھی۔مجلس کے اختتام سے قبل عزاداروں نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کے بی بی زہرا کو ان کے لعل کا پُرسہ دیا۔بعدازں علماء کرام کا کہنا تھا کہ واقعہ ِ کربلا دینِ اسلام کی سربلندی اور انسانیت کی بقاء ہے۔اس موقع پر عزاداروں کا کہنا تھا کہ مجالس امام حسین کی قربانی اور ان کے پیغام کو عام کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔مجلس کے اختتام پر عزاداروں کے لیے نذرو نیاز کا بھی بھرپور اہتمام کیا گیا تھا۔