vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی دباؤ کارگر- بھارت نے روسی تیل خریداری محدود کردی

0

نئی دہلی () امریکی دباؤ کارگر ثابت ہوا، جس کے بعد بھارت نے روس سے تیل کی خریداری محدود کردی۔ اکتوبر میں 4 فیصد سے زائد کمی کی گئی، اور سعودی عرب سے تیل کی خریداری بڑھا دی ہے۔ نئی دہلی نے اس سلسلے میں ریفائنریز کے لیے ادائیگی کے مسائل کا جواز گڑھ لیا ہے، عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اکتوبر میں قیمتوں میں اضافے کے بعد بھارت کی روسی تیل کی درآمدات میں کمی آ گئی ہے جب کہ سعودی عرب سے سپلائی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انرجی کارگو ٹریکر وورٹیکسا کے اعداد و شمار کے مطابق روس سے بھارت کی خام تیل کی درآمد میں اکتوبر میں پچھلے مہینے کے مقابلے میں 4 فی صد سے زیادہ کی کمی آئی ہے۔ خام تیل کے سلسلے میں ماسکو انڈیا کے لیے اہم سپلائر ہے، تاہم روسی تیل پر رعایت کم ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے تیل کی قیمت کی حد میں اضافہ ہو گیا ہے اور بھارتی ریفائنریز کے لیے ادائیگی کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اکتوبر میں بھارت نے روس سے 1.55 ملین بیرل یومیہ خام تیل درآمد کیا، جو پچھلے مہینے کے 1.62 ملین بی پی ڈی سے کم ہے۔ دوسری طرف بھارت نے سعودی عرب سے اپنی درآمدات میں اضافہ کر دیا ہے، اکتوبر میں بھارت کو سعودی عرب سے یومیہ 9 لاکھ 24 ہزار بیرل کی ترسیل موصول ہوئی، جو کہ ایک ماہ قبل ریکارڈ کی گئی 523000 بی پی ڈی سے کافی زیادہ ہے۔ کمی کے باوجود روسی تیل اب بھی اکتوبر کے مہینے کے لیے بھارت کی کل خام تیل کی درآمدات کا تقریباً 34 فی صد ہے۔ بھارت کو خاص روسی تیل روسی یورال پر نمایاں رعایت حاصل ہے، اکتوبر میں بھارت نے 1.39 ملین بی پی ڈی روسی یورال درآمد کیا، جو پچھلے مہینے میں 1.16 ملین بی پی ڈی سے زیادہ ہے۔ واضح رہے امریکی دباؤ کے باوجود بھارت نے روس سے تیل خریداری پر اصرار کیا تھا، اور بڑے پیمانے پر تیل خرید کر یورپ کو بھی فراہم کیا جا رہا تھا، تاہم ہردیپ سنگھ نجر قتل کے بعد پھیلائے گئے جال میں بھارت بری طرح پھنس گیا۔ اور اب آشیر باد لینے کیلئے تازہ فیصلہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.