امریکن پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن کے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل
امریکن پریمیئر لیگ کےدوسرے سیزن کے شاندار انعقاد کے حوالے سے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں۔ اے پی ایل سیزن ٹو کا آغاز انیس دسمبر سے ٹیکساس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سرٹیفائیڈ موسیٰ اسٹیڈیم سے ہوگا۔ اے پی ایل سیزن ٹو میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔یہ بات امریکن پریمیئر لیگ کے چیئرمین وسی ای او جے میر نے کھلاڑیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔جے میر کا مزید کہنا تھا کہ اے پی ایل کا پلیٹ فارم صرف امریکہ ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا بہترین موقع ہے۔ شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ میں نے بھی اے پی ایل کے دونوں سیزن میں بنگلہ دیشی فرنچائز کی کمی کو محسوس کیا لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ تیسرے سیزن میں بنگلہ دیشی ٹیم بھی لیگ کا حصہ ہوگی جس کے لیے ہم بنگلہ دیش کی فرنچائز سے مسلسل رابطے میں ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز کرکٹر کرس گیل نےکہا کہ نوجوان کرکٹرز کے لیےاے پی ایل طرز کی لیگز ان کی تکنیکی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہیں ۔ اے پی ایل سیزن ٹو کے توسط سے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کیلئے پرجوش ہوں۔ اس موقع پر پاکستانی کرکٹرفواد عالم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنا ٹیلنٹ دنیا بھر میں پیش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرنے کا باعث بنے گی۔ پریس کانفرنس کے دوران کینیڈین کرکٹر نوید نے اے پی ایل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرز کی لیگز سے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے، جہاں وہ اپنے سینئرز کے تجربے سے استفادہ بھی حاصل کرتے ہیں۔ اس موقع پر سابق انگلش کرکٹر روی بھوپارا نے کرس گیل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کرس گیل کا لیگ میں شامل ہونا لیگ کو مزید چار چاند لگارہا ہے کیوں کہ جس طرح وہ اپنے حیران کن کھیل سے مخالف ٹیم کو مشکل میں ڈالتے ہیں وہ لمحات دیدنی ہوتے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ آنے والے ہفتے شائقینِ کرکٹ کے لیے بہت سنسنی خیز ثابت ہونے والے ہیں ۔پریس کانفرنس کےد وران سابق انگلش کرکٹر سمت پٹیل نے اے پی ایل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام ٹیموں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔قبل ازیں تقریب میں نظامت کے فرائض روشنی نے سرانجام دیئے۔ پریس کانفرنس کے بعد جے میر کے ہمراہ کھلاڑی ٹائم اسکوائر پہنچے جہاں بڑی اسکرین پر اے پی ایل کی پروموشن کی جارہی ہے۔