vosa.tv
Voice of South Asia!

شکاگو میں راحت فتح علی خان کا شاندار کنسرٹ، ہزاروں مداح جھوم اٹھے

0

شکاگو: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قوال اور گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے شکاگو کے نواحی علاقے ہوفمین اسٹیٹس میں شاندار لائیو کنسرٹ پیش کیا، جس میں ہزاروں مداحوں نے شرکت کی۔ ناؤ ایرینا میں منعقدہ یہ کنسرٹ ان کے ’’ونس اپون اے ٹائم‘‘ عالمی دورے کا حصہ تھا۔

راحت فتح علی خان اسٹیج پر آئے تو حاضرین نے تالیوں، نعروں اور موبائل فون کی روشنیوں سے ان کا استقبال کیا۔ معروف قوالی ’’تمہیں دل لگی بھول جانی پڑے گی‘‘ سمیت ان کی مقبول پرفارمنسز نے محفل کو یادگار بنا دیا۔ کنسرٹ کی نظامت ابیحہ خان نے کی۔استاد راحت فتح علی خان نے صوفی کلام، کلاسیکی قوالیوں اور بالی وڈ کے مقبول گیتوں پر مشتمل پروگرام پیش کیا۔ ان کے مشہور کلام ’’میرے رشکِ قمر‘‘، ’’تیرے مست مست دو نین‘‘، ’’آفریں آفریں‘‘، ’’میرا پیا گھر آیا‘‘، ’’ضروری تھا‘‘ اور ’’اُڑیاں اُڑیاں‘‘ سمیت دیگر مقبول گیتوں سے شائقین محظوظ ہوئے۔اس موقع پر شازمان علی خان نے بھی اسٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ باپ بیٹے نے ساڑھے تین گھنٹے سے زائد وقت تک پرفارم کیا، جبکہ 24 موسیقاروں پر مشتمل لائیو آرکسٹرا نے محفل کی رونق بڑھائی۔ حاضرین موسیقی سے اس قدر لطف اندوز ہوئے کہ متعدد افراد اپنی نشستوں سے اٹھ کر جھومنے لگے۔کنسرٹ کا اہتمام ورلڈ اسٹار انٹرٹینمنٹ، عتیق بی شیخ، اور ساحل انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ جنوبی ایشیائی ملبوسات کے برانڈ اسٹوڈیو ایلیٹ کی مالک شاہدہ خان نے بھی مرکزی منتظمین اور اسپانسرز میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر اسپانسرز طارق صدیق، شاہدہ خان، بھاویش پٹیل، رضی محی الدین، فاروق خان اور ابیحہ خان اسٹیج پر آئے اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ راحت فتح علی خان اور شازمان علی خان کی پرفارمنس کو شائقین نے کھڑے ہو کر داد دی، یوں موسیقی سے بھرپور یادگار شام اختتام پذیر ہوئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.