vosa.tv
Voice of South Asia!

ریاض میں یومِ سیاہ کشمیر کی تقریب، عالمی برادری سے حقِ خودارادیت دلانے کا مطالبہ

0

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہ کشمیر کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سفارتی افسران اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ بھارت 1947 سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے استعمال کے ذریعے کشمیری عوام کی تحریکِ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے باعث کشمیری عوام کو مشکلات اور مظالم کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے باوجود کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سفیر پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی سطح پر ان کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔اس موقع پر کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں الیاس رحیم اور سردار شفیق نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔شرکاء نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری کی مؤثر توجہ اور عملی کوششوں سے کشمیری عوام کو انصاف مل سکے گا اور وہ آزادی، امن اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں گے۔تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ کے یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.