برطانیہ کی یونیورسٹی آف آکسفورڈ نے 2027 کیلئے آکسفورڈ پرشنگ اسکوائر گریجویٹ اسکالرشپس کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت آکسفورڈ ون پلس ون ایم بی اے پروگرام کیلئے 5 تک مکمل فنڈڈ اسکالرشپس دی جائیں گی۔
اسکالرشپ میں ماسٹرز اور ایم بی اے پروگرام کی مکمل ٹیوشن فیس کے ساتھ ہر سال کم از کم 21 ہزار 805 پاؤنڈ کا وظیفہ بھی شامل ہے۔ کامیاب طلبہ کو رہنمائی، پیشہ ورانہ تربیت، کانفرنسز اور عالمی ماہرین سے رابطے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔اسکالرشپ کیلئے ایسے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جو بڑے سماجی اور عالمی مسائل کے حل کیلئے مؤثر اور قابلِ توسیع منصوبے رکھتے ہوں۔ مضبوط تعلیمی ریکارڈ، قائدانہ صلاحیت، ذاتی کردار اور سماجی اثرات پیدا کرنے کا عزم بھی انتخاب میں اہم ہوگا۔درخواست گزاروں کو آکسفورڈ ون پلس ون ایم بی اے میں داخلے کے ساتھ اسکالرشپ کیلئے 500 الفاظ سے زیادہ نہ ہونے والا مضمون جمع کرانا ہوگا، جس میں یہ وضاحت کرنا ہوگی کہ وہ دنیا میں کیا تبدیلی لانا چاہتے ہیں اور اس مقصد سے ان کی شخصیت کے بارے میں کیا ظاہر ہوتا ہے۔آکسفورڈ ون پلس ون ایم بی اے اور اسکالرشپ کیلئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 جنوری 2027 ہے، جبکہ منتخب امیدواروں کے انٹرویوز اپریل کے آخر یا مئی کے آغاز میں متوقع ہیں۔ امیدواروں کو اپنے منتخب ماسٹرز پروگرام کی الگ آخری تاریخ بھی ضرور دیکھنا ہوگی۔