نیویارک میں ٹیکسی اور اوبر ڈرائیورز کا بڑا مسئلہ، واش روم جانا بھی مشکل
نیویارک (نیوزڈیسک)میں ٹیکسی اور اوبر ڈرائیورز کے لیے واش روم تک رسائی کا مسئلہ سنگین بحران بن گیا ، جبکہ خواتین ڈرائیورز نے اس صورتحال کو خاص طور پر پریشان کن قرار دیا ہے۔
نیویارک کی سڑکوں پر دن رات مسافروں کو منزل تک پہنچانے والے ہزاروں ٹیکسی اور اوبر ڈرائیورز ایک ایسے مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں جس کا شاید عام مسافر تصور بھی نہ کرسکے۔پارکنگ کہاں کریں؟ اور واش روم کہاں جائیں؟ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ شہر میں مناسب پارکنگ اور واش روم کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے دورانِ ڈیوٹی ان کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔
کئی مرتبہ ڈرائیور کو واش روم جانے کے لیے بھی کئی بلاکس تک گاڑی چلانا پڑتی ہے۔اور اگر راستے میں قانونی پارکنگ نہ ملے تو ڈرائیور کے پاس بعض اوقات گاڑی غیر قانونی جگہ کھڑی کرنے کے علاوہ کوئی آسان راستہ نہیں رہتا، جس کے نتیجے میں ٹکٹ اور جرمانے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔یہ صورتحال خواتین ڈرائیورز کے لیے مزید پریشان کن بن گئی ہے۔خواتین ڈرائیورز کے مطابق واش روم تک بروقت رسائی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مسئلہ صرف پارکنگ کا نہیں۔
ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ کئی کاروباری مقامات پر انہیں واش روم استعمال کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی۔نیو یارک میں تقریباً 88 ہزار ایپ بیسڈ ڈرائیورز، 13 ہزار یلو کیب ڈرائیورز اور 500 سے زائد گرین کیب ڈرائیورز موجود ہیں۔لیکن مین ہٹن جیسے مصروف علاقے میں ان ہزاروں ڈرائیورز کے لیے ریسٹ رومز اس تعداد کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں۔