vosa.tv
Voice of South Asia!

امن کےنیشنل امام کنونشن کا کامیاب انعقاد،امریکا کی25ریاستوں سے50 سےزائد ائمہ کی شرکت

0


کیرولائنا (نیوزڈیسک)امریکن مسلم ایڈوکیسی نیٹ ورک کے زیرِ اہتمام نارتھ کیرولائنا میں دوسرا سالانہ نیشنل امام کنونشن کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ کنونشن کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیے میں امریکی مسلمانوں پر زور دیا گیا کہ وہ امن، محبت، رواداری، مذہبی آزادی اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دیں۔


“From the Minbar to the Community: The Evolving Role of the American Imams”

کے عنوان سے منعقدہ دو روزہ کنونشن میں امریکا کی 25 ریاستوں سے 50سے زائد ائمہ کی شرکت کی۔ کنونشن میں تربیتی نشستوں، ٹریننگ سیشنز، گروپ ڈسکشنز اور پینل مباحثوں کے ذریعے امریکی معاشرے میں ائمہ کے بدلتے ہوئے کردار، مذہبی قیادت، نوجوانوں کی تربیت،خاندانی استحکام، کمیونٹی کی خدمت اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے موضوعات پر ماہرین کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا گیا۔


اس موقع پر “Faith & Family: The Future of Muslims in America” کے عنوان سے ایک عوامی اجتماع بھی منعقد ہوا، جس میں مرد و خواتین، خاندانوں، نوجوانوں، پروفیشنلز اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔اجتماع میں ایمان، خاندانی اقدار اور امریکہ میں مسلمانوں کے مستقبل پر گفتگو کی گئی۔


کنونشن کےاختتام پر جاری کردہ اعلامیے میں امریکی مسلمانوں پر زور دیا گیا کہ وہ امن، محبت، رواداری، مذہبی آزادی اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دیں، اسلام کی مثبت تصویر پیش کریں،خاندانوں کو مضبوط بنائیں، دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کریں اورامریکہ کی مجموعی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ اعلامیے میں نفرت، مذہبی تعصب اور شدت پسندی کے خاتمے اور ایک پُرامن، متحد اور ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

کنونشن کی ایک اہم پیش رفت امریکن مسلم ایڈوکیسی نیٹ ورک کے نئے شعبےامریکن فتویٰ کونسل کی ویب سائٹ اور آن لائن پورٹل کا افتتاح تھا، جس کے ذریعے امریکی مسلمانوں کو روزمرہ شرعی مسائل کے حل کے لیے مستند علماء اور مفتیانِ کرام سے رابطے اور رہنمائی حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔ اس سلسلے میں ہاٹ لائن اور آن لائن سوالات بھیجنے کی سہولت متعارف کرائی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.