vosa.tv
Voice of South Asia!

راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش، نالہ لئی بپھر گیا

0

راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، انتظامیہ نے پاک فوج طلب کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کی آبادی کو منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں، جبکہ بچوں کی حفاظت کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں بھی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔

​محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں رات 3:20 سے صبح 8 بجے تک جاری رہنے والی شدید بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے مطابق راولپنڈی میں پچھلے 3 سال کی ریکارڈ 200 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 29 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 24 فٹ تک پہنچنے سے نالے بیک فلو کرنے لگے ہیں اور ندی نالوں کا پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا ہے۔​انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی کے اطراف قائم آبادیوں کو فوری علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ایمرجنسی ٹیمیں انخلاء کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پاک فوج (ٹرپل ون بریگیڈ)، ریسکیو 1122 اور پیرا کے دستوں کو گوالمنڈی اور دیگر حساس علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی راولپنڈی کا کہنا ہے کہ تمام ادارے اور ضلعی انتظامیہ الرٹ پر ہیں اور نشیبی علاقوں سے نکاسیِ آب کا آپریشن جاری ہے۔ شاہراہوں پر پانی اور متوقع خطرات کے پیش نظر سٹی کے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.