ٹرمپ کی شکست، سوشل میڈیا پرمیمزکی بھرمار
نیویارک(نیوزڈیسک) امریکا میں مڈٹرم الیکشنز کے نتائج میں ری پبلکنزکی بدترین شکست کے بعد سوشل میڈیاپر صدرڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف طنزیہ ویڈیوز اور دلچسپ میمزکی بھرمارشروع ہو گئی ۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق مڈٹرم الیکشنز میں ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی سے ری پبلکنز کو تو جھٹکا لگا ہی لیکن ساتھ ہی من چلوں کو بھی موقع مل گیا اور مختلف میمز وائرل ہو گئیں۔سوشل میڈیا پر وائرل میمز میں کہیں ڈونلڈ ٹرمپ کو بلیو سونامی میں بہتے دیکھا جاسکتا ہے تو کہیں میمز کے ذریعے ان کی امیگریشن پالیسیوں پر طنز کے نشتر چلائے گئے جبکہ ایک اور میم میں طنز کیا گیا کہ امریکا نے ٹرمپ کی اکثریت کو ہی ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔بعض افراد کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ایران میں رجیم چینج کرنے چلے تھے، اب تو امریکا میں ہی رجیم چینج ہو گئی۔
ایرانی سفارت خانہ بھی ٹرمپ کی ٹرولنگ میں پیچھے نہ رہا، بھارت میں ایرانی سفارت خانے نے ایک طنزیہ اے آئی ویڈیو شیئر کردی، جس میں چند افراد ٹرمپ کو اٹھا کر کچرے کے ڈبے میں پھینکتے دکھائی دے رہے ہیں۔ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ’دی یو ایس مڈٹرم الیکشنز‘ جبکہ بھارتی میمرز نے بھارتی چیف الیکشن کمیشن کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا کچھ نے کہا کہ ٹرمپ کی خواہش ہوگی ایک گینیش کمار ان کو بھی مل جائیں۔ منچلوں کو سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں ’امریکا آزاد ہوگیا‘ اور نئی سیاسی امید سے جوڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔