vosa.tv
Voice of South Asia!

ریاض میں انٹرنیشنل فلیورز فیسٹیول، پاکستانی دیسی کھانوں کی دھوم

0

ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں انٹرنیشنل فلیورز فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جہاں مختلف ممالک کے روایتی کھانوں کے اسٹالز سجائے گئے۔ فیسٹیول میں پاکستانی دیسی کھانوں نے بھی شرکاء کی توجہ حاصل کی اور پاکستانی، سعودی سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے روایتی ذائقوں سے لطف اٹھایا۔

ریاض اویسسز کے زیرِ اہتمام منعقدہ فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کے کے پروڈکشنز نے کی، جس نے پاکستانی کھانوں کا اسٹال لگایا۔ یہاں ملک کے روایتی اور علاقائی پکوان پیش کیے گئے، جنہیں شرکاء نے خوب پسند کیا۔اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان کی پولیٹیکل سیکرٹری اقرا اشرف نے پاکستانی فوڈ اسٹال کا دورہ کیا، کھانوں کا جائزہ لیا اور منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔اقرا اشرف کا کہنا تھا کہ ایسے فیسٹیول سعودی شہریوں اور دیگر ممالک کے لوگوں کو پاکستانی ثقافت، روایتی کھانوں اور علاقائی ذائقوں سے متعارف کرانے کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان کے مطابق سفارت خانہ پاکستان ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دیتی ہیں۔پاکستانی اسٹال کے منتظم خرم خان نے کہا کہ انٹرنیشنل فلیورز فیسٹیول میں شرکت ان کے لیے اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستانی اور دیگر ممالک کی کمیونٹیز کو پاکستان کے متنوع علاقائی کھانوں سے روشناس کرایا جائے اور پاکستانی ذائقوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔فیسٹیول میں شریک افراد نے پاکستانی پکوانوں کو پسند کرتے ہوئے کہا کہ دیسی کھانوں کے ذائقوں نے ان کی تفریح کو مزید خوشگوار بنا دیا۔ شرکاء کے مطابق ایسے ثقافتی اور غذائی میلے مختلف ممالک کی روایات سے آگاہی اور عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.