vosa.tv
Voice of South Asia!

وزن کم کرنے کے لیے سپلیمنٹ استعمال کرنے والے افراد ہوشیار ہوجائیں

0

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے وزن کم کرنے والے سپلیمنٹ کی مخصوص کھیپ واپس منگوا لی، جانچ میں لیبل پر درج نہ ہونے والے دو اجزا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے ، جن میں انتہائی زہریلا کیمیکل ڈی این پی بھی شامل ہے۔

وزن کم کرنے کے لیے سپلیمنٹ استعمال کرنے والے افراد ہوشیار ہوجائیں، امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ایک مقبول وزن کم کرنے والے سپلیمنٹ کے استعمال سے خبردار کردیا۔ایف ڈی اے کے مطابق لائپو فٹ ایکسٹریم فیٹ برنر 2.0 کی مخصوص کھیپ آن لائن امریکا بھر میں فروخت کی گئی تھی، جسے اب واپس منگوایا گیا ہے۔ایف ڈی اے کی جانچ میں سپلیمنٹ کی دن کے وقت استعمال ہونے والی گولیوں میں فلوکسیٹین جبکہ رات کی گولیوں میں ڈی این پی کی موجودگی سامنے آئی، حالانکہ یہ دونوں اجزا پروڈکٹ کے لیبل پر درج نہیں تھے۔فلوکسیٹین ایک ایسا جزو ہے جو بعض منظور شدہ ادویات میں استعمال ہوتا ہے، تاہم ڈی این پی انتہائی زہریلا کیمیکل ہے اور ایف ڈی اے نے اسے کسی بھی استعمال کے لیے منظور نہیں کیا۔ڈی این پی ماضی میں غیر قانونی طور پر وزن کم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے، لیکن اس کے استعمال سے صحت کو سنگین نقصان پہنچ سکتا ہے۔ایف ڈی اے کے مطابق اس سپلیمنٹ کے استعمال سے متلی، الٹی، پسینہ آنا، چکر اور سر درد جیسی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں، جبکہ شدید صورت میں دل کی دھڑکن میں بے قاعدگی، دل کی تیز دھڑکن، دورے اور حتیٰ کہ دل رکنے کا خطرہ بھی ہوسکتا ہے۔طویل عرصے تک استعمال کی صورت میں آنکھوں، جلد، اعصابی نظام اور ہڈیوں کے گودے کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔واپس منگوائی گئی مصنوعات میں اے ایم اور پی ایم گولیاں شامل ہیں، جن کا لاٹ نمبر 25M12F اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ ستمبر 2027 ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.