vosa.tv
Voice of South Asia!

لاس اینجلس کی خاتون پر کورونا ریلیف فنڈز میں 18 ملین ڈالر کے فراڈ کا الزام، فردِ جرم عائد

0

 امریکی محکمہ انصاف نے لاس اینجلس کی رہائشی ماریسیلا نونو پر کورونا وبا کے دوران دی گئی وفاقی امداد کے پروگرامز میں 18 ملین ڈالر کا فراڈ کرنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

 محکمہ انصاف کے مطابق سینٹرل ڈسٹرکٹ آف کیلیفورنیا کی وفاقی گرینڈ جیوری نے 53 سالہ ماریسیلا نونو پر پے چیک پروٹیکشن پروگرام اور اکنامک انجری ڈیزاسٹر لون پروگرام میں فراڈ کے الزام میں فردِ جرم عائد کی۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزمہ نے اپنی ملکیت ظاہر کیے گئے کاروباروں اور اداروں کی جانب سے جعلی درخواستیں جمع کرائیں، جن میں پی پی پی کے تحت 15.7 ملین ڈالر سے زائد اور ای آئی ڈی ایل کے تحت 2.6 ملین ڈالر سے زائد رقم مانگی گئی۔ الزام ہے کہ درخواستوں میں ملازمین کی تعداد، ماہانہ تنخواہوں، آمدن اور اہلیت سے متعلق غلط معلومات دی گئیں، جبکہ ٹیکس کے جعلی کاغذات بھی جمع کرائے گئے۔ محکمہ انصاف کے مطابق ملزمہ نے حاصل کی گئی رقم غیر مجاز مقاصد پر خرچ کی، جن میں نجی جائیداد کی خریداری، کاروبار شروع کرنے کے اخراجات اور اہلِ خانہ کو ادائیگیاں شامل ہیں۔ ملزمہ پر وائر فراڈ کی 3 اور منی لانڈرنگ کی ایک دفعہ لگائی گئی ہے۔ جرم ثابت ہونے پر وائر فراڈ کی ہر دفعہ پر زیادہ سے زیادہ 20 سال، جبکہ منی لانڈرنگ پر 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ ایف بی آئی، آئی آر ایس کریمنل انویسٹی گیشن اور ایس بی اے کے انسپکٹر جنرل آفس نے کیس کی تحقیقات کیں۔ فردِ جرم صرف الزام ہوتی ہے اور عدالت میں جرم ثابت ہونے تک ملزمہ کو بے گناہ تصور کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.