رائے بلال اکرم بھٹی کے اعزاز میں نیویارک میں خصوصی تقریب کا انعقاد
سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کو عقیدت مندی میں اپنی زمین کا نصف حصہ دینے والے رائے بلار بھٹی کی انیس ویں نسل میں شامل رائے بلال اکرم بھٹی کے ساتھ امریکا میں اے آر وائے ڈیجیٹل نیٹ ورک کے چیف آپریٹنگ آفیسر آصف جمال نے خصوصی ملاقات اور عشائیہ کا اہتمام کیا۔
پانچ صدیوں پرانی سکھ مسلم ہم آہنگی کی روایت اجاگر کرنے کے لیے رائے بلال اکرم بھٹی کی امریکا آمد پر نیویارک کے نجی ریسٹورانٹ میں منعقدہ خصوصی ملاقات میں پاکستانی امریکن اور سکھ کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شر کت کی ۔تقریب کے میزبان اور امریکا میں اے آر وائے ڈیجیٹل نیٹ ورک کے چیف آپریٹنگ آفیسر آصف جمال کا کہنا تھا کہ مسلمان اور سکھوں کے درمیان محبت اور بھائی چارگی کے فروغ میں رائے اکرم بھٹی کے آباو اجدا د اور خاندان کا کلیدی کردار رہا ہے۔رائے بلال بھٹی نےاپنے آباو اجدداد کی پانچ سو سالہ تاریخ، ورثے اور بابا گرو نانک دیو جی سے اپنے خاندان کے منفرد تعلق پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے امریکا میں مقیم سکھ کمیونٹی کو ننکانہ صاحب کے دورے کی دعوت دی،ان کا کہنا تھا کہ سکھ برادری اپنی نئی نسل کو سکھ ازم سے جوڑیں۔ تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیات میں شامل نک سلیم، عدنان بخار ی ، سعید حسن اور دیگر نے رائے بلال بھٹی کا خیرمقدم کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ رائے بلال بھٹی کا خاندان پانچ صدیوں سے سکھ مسلم دوستی، باہمی احترام اور خدمت کی قابلِ فخر روایت کو آگے بڑھا رہا ہے،اس پر ہم سب کو فخر ہونا چاہیے ۔ اس خصوصی نشست میں میں شرکاء کو اس تاریخی ورثے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا ۔تقریب میں شریک سکھ کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے رائے بلال اکرم بھٹی کو رواں ہفتے ہونےو الی اپنی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔تقریب کے شرکا نے پاکستان میں ہر سال سکھ یاتریوں کے کرتار پور آمد پر شاندار استقبال ، بہترین میزبانی اور جذبہ خیر سگالی کو سراہا۔