نیویارک(نیوزڈیسک)امریکہ میں انتخابی نظام کی شفافیت ایک بار پھر بڑے سیاسی اور قانونی تنازعے کی زد میں آگئی ۔ امریکی محکمہ انصاف نے ملک بھر میں 63 افراد کے خلاف انتخابی جرائم سے متعلق مقدمات درج کیے ہیں۔ ان میں غیر ملکی شہریوں پر امریکی انتخابات میں غیر قانونی طور پر ووٹ ڈالنے، ووٹر رجسٹریشن میں امریکی شہریت کے بارے میں غلط بیانی کرنے اور انتخابی دستاویزات میں فراڈ کے الزامات شامل ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق یہ کارروائیاں ووٹر فراڈ کے خلاف ہونے والی بڑی کارروائیوں میں شامل ہیں۔امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش کا کہنا ہے کہ بعض غیر ملکی شہریوں نے امریکی عوام کے اعتماد کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور ملک کے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ان کے مطابق محکمہ انصاف انتخابی فراڈ کی تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری رکھے گا۔
محکمہ انصاف کے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ نو ہفتوں کے دوران ہی 25 امریکی ریاستوں میں 195 غیر ملکی شہریوں پر غیر قانونی ووٹنگ اور ووٹر رجسٹریشن سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔جبکہ موجودہ ٹرمپ انتظامیہ کے آغاز سے اب تک ووٹنگ فراڈ سے متعلق مقدمات میں مجموعی طور پر 239 افراد کو چارج کیا جا چکا ہے۔جارجیا میں میکسیکو سے تعلق رکھنے والے بینیٹو کواروبیاس انیگوز پر امریکی شہریت کا جھوٹا دعویٰ کرکے وفاقی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ٹیکساس میں پانچ غیر ملکی شہریوں کے خلاف انتخابی جرائم کے مقدمات سامنے آئے ہیں۔ ان میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو سے تعلق رکھنے والے علی خان پر 2024 کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔شمالی کیرولائنا میں بھی متعدد مقدمات سامنے آئے ہیں، جہاں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مستقل رہائشیوں پر مبینہ طور پر امریکی شہریت کا غلط دعویٰ کرکے ووٹر رجسٹریشن اور انتخابات میں حصہ لینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
کیلیفورنیا میں چھ افراد پر امریکی شہریت حاصل کرنے کی درخواستوں میں مبینہ غلط بیانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ استغاثہ کے مطابق ان افراد نے ماضی میں ووٹر رجسٹریشن یا ووٹنگ سے متعلق معلومات چھپائیں۔نیواڈا، نیویارک، نیوجرسی، وسکونسن، ٹینیسی، پنسلوانیا اور دیگر ریاستوں میں بھی ایسے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔اس معاملے کا ایک اہم قانونی پہلو یہ ہے کہ امریکہ میں گرین کارڈ رکھنے والے مستقل رہائشی عام طور پر وفاقی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل نہیں ہوتے۔ وفاقی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے امریکی شہریت بنیادی شرط ہے۔تاہم، ان تمام مقدمات میں اہم قانونی اصول کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ تمام ملزمان کو عدالت میں اپنا دفاع کرنے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کا حق حاصل ہے۔