امریکا کی جنوب مغربی ریاستوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا، جبکہ کولوراڈو کے ایک سیاحتی قصبے میں سیلاب کے باعث وسط مدتی انتخابات کے روز ووٹنگ کے انتظامات بھی تبدیل کردیے گئے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیو میکسیکو، کولوراڈو، یوٹاہ اور ایریزونا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کردی۔ بعض مقامات پر دریا اور ندی نالے بپھر گئے، سڑکیں زیر آب آگئیں اور پلوں کو نقصان پہنچا۔جنوب مغربی کولوراڈو میں دریائے اینیماس کے قریب رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ لا پلاٹا کاؤنٹی کی تمام سڑکیں سیلاب اور پلوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث بند رہیں۔ سیلاب کے باعث پاگوسا اسپرنگز کے متاثرہ ووٹرز کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق شہری ریاست بھر کے کسی بھی ووٹنگ مرکز سے متبادل بیلٹ حاصل کرسکتے ہیں، تاہم اپنے آبائی کاؤنٹی سے باہر ذاتی طور پر ووٹ ڈالنے والے صرف ریاستی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔ ڈاک کے ذریعے موصول ہونے والا بیلٹ کسی بھی ووٹنگ مرکز یا مخصوص ڈراپ باکس میں جمع کرایا جاسکتا ہے۔نیو میکسیکو میں دریائے سان جوآن کی سطح میں اضافے کے باعث سان جوآن کاؤنٹی کے بعض علاقوں اور مقامی آبادیوں کے لیے انخلا کے احکامات جاری کیے گئے۔ ریو اریبہ کاؤنٹی میں دریائے ریو چیما کے باعث سیلاب کا انتباہ بھی جاری رہا۔ایریزونا کے شہر ٹکسن میں سیلابی پانی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔ فلیگ اسٹاف میں مسلسل بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں اور نکاسی آب کا نظام متاثر ہوا۔ پولیس کے مطابق ایک شخص تیز رفتار سیلابی ریلے میں گرنے کے بعد لاپتا ہے۔ریاست کے مختلف علاقوں میں بھی شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔