شکاگو: آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر تقریب
شکاگو میں آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی، مختلف مذاہب کے نمائندوں اور سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب شکاگو کے ڈیون ایونیو پر واقع علی نہاری بینکویٹ ہال میں منعقد ہوئی جہاں شرکاء نے پاک فوج اور ریاستی اداروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔تقریب کی نظامت معروف پاکستانی امریکن کمیونٹی ایکٹیوسٹ سلمان آفتاب نے کی جبکہ حافظ قاری عبدالمنان نے تلاوتِ کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ مقررین نے پاکستان سے اپنی محبت اور افواجِ پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ جواب دیا۔ شرکاء نے پاکستان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔تقریب سے پاکستان امریکن چیمبر آف کامرس کے چوہدری نوید انور، اسلامک فوڈ اینڈ نیوٹریشن کونسل آف امریکہ کے ڈاکٹر منیر چوہدری، آر این اے کارپوریشن کے چوہدری منیر اختر، اوپن شکاگو کے امیر چالیسا، مسیحی برادری کے ایمانوئل انجم، پاکستان نیوز کے رانا جاوید خان اور بولنگ بروک کے طلعت رشید سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاک فضائیہ کی مہارت اور پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں جدید جنگی تاریخ میں ایک مثال بن چکی ہیں۔شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل زمان مہدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کے کارنامے تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھے جائیں گے۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔