نیویارک میں وفاقی ایجنسیوں کے متعدد مقامات پر چھاپے
وفاقی تحقیقاتی اداروں نے نیویارک شہر میں میڈیکیڈ فراڈ میں ملوث متعدد کاروباری مراکز پر چھاپے مارے ہیں، جن میں بروکلین کے بورو پارک میں واقع ایک سینئر ڈے کیئر سینٹر بھی شامل ہے۔
حکام کے مطابق سینئر سینٹرز پر الزام ہے کہ انہوں نے خدمات کیلئے زائد بل بھیجے، صارفین کی تعداد بڑھا چڑھا کر ظاہر کی اور رشوت ستانی میں بھی ملوث رہے۔ ایف بی آئی کے مطابق نیویارک، کوئنز، اسٹیٹن آئی لینڈ اور بروکلین میں جاری وفاقی تحقیقات کے سلسلے میں متعدد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی جاری ہے۔ صدر ٹرمپ نے فراڈ کی اطلاع دینے والوں کیلئے نیا انعامی پروگرام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت مخبروں کو چوری شدہ رقم کا ایک فیصد کمیشن ملے گا۔ یوٹیوب صحافی نک شرلی، جو اس انعام کے اہل ہیں اور مینیسوٹا اور نیویارک میں تحقیقات شروع کروانے میں مددگار رہے، نے کہا کہ فراڈ بے نقاب کرنا امریکا کو بچانے کے مترادف ہے۔ حکام کے مطابق منگل کو جاری کارروائیوں میں فلشنگ کے ایک سینئر سینٹر سمیت مختلف مقامات سے شواہد اکٹھے کیے گئے، جبکہ اسٹیٹن آئی لینڈ میں 2 افراد گرفتار بھی کیے گئے۔