پاک امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 کا اختتامی ایونٹ شکاگو میں منعقد، 400 شرکاء کی شرکت
شکاگو: پاک امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 سیریز کا آخری ایونٹ امریکی شہر شکاگو میں منعقد ہوا، جس میں تقریباً 400 کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور پاکستانی و امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی صلاحیتوں کو امریکی مارکیٹ سے متعارف کرانا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
اس روڈ شو کا انعقاد واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے، پاکستانی قونصل خانے، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور اوپن گلوبل کے اشتراک سے کیا گیا۔ تقریب کا افتتاح امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کیا۔سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں دیرپا اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستانی آئی ٹی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے اور ٹیک کنیکٹ سیریز کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کی تکنیکی مہارت اور ملکی کمپنیوں کی صلاحیتوں کو امریکی کاروباری اداروں تک پہنچانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین برس سے جاری سالانہ روڈ شوز کے ذریعے پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس سلسلے کے مثبت نتائج بتدریج سامنے آئیں گے۔تقریب سے الینوائے کے ریاستی نمائندے جسٹن سلاٹر اور ریاستی سینیٹر لورا مرفی نے بھی خطاب کیا۔ الینوائے اکنامک ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے نائب صدر برائے غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری ڈینیئل بیلفلور نے ریاست کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل جیدی نے پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں کاروباری مواقع، ہنرمند افرادی قوت اور جدت پر مبنی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ اگنائٹ کے چیف ایگزیکٹو بلال عباسی نے پاکستانی اسٹارٹ اپس کے نظام، جبکہ اوپن گلوبل کے صدر طارق خان نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔کانفرنس میں اسٹریٹیجک سسٹمز انٹرنیشنل، ٹین پرلز، ابیکس، سسٹمز لمیٹڈ، نیکسٹ برج، ایڈو اے آئی، ایکسی لینس ڈیلیورڈ، فولیو تھری اور ٹی ایم سی سمیت متعدد پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کیں۔پروگرام میں امریکی مارکیٹ تک رسائی، سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توقعات، کاروباری شراکت داریوں اور آؤٹ سورسنگ کے امکانات پر پینل مباحثے بھی ہوئے۔ نیٹ ورکنگ سیشنز میں پاکستانی اور امریکی کاروباری نمائندوں نے ممکنہ مشترکہ منصوبوں اور تجارتی روابط کو وسعت دینے کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا۔اختتامی خطاب میں شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل زمان مہدی نے شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے انعقاد میں حکومتی اداروں، نجی شعبے اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا۔