ینگ اسٹنزکا نارتھ امریکہ ٹور،نیویارک سمیت پانچ شہروں میں پرفارمنس کااعلان
بروکلین(نیوزڈیسک)پاکستانی اردو ریپ اب عالمی میوزک اسٹیج پر اپنی پہچان مزید مضبوط کر رہا ہے، اور اسی سلسلے میں کراچی کے معروف ہپ ہاپ اسٹارز ینگ اسٹنز، یعنی طلحہ انجم اور طلحہ یونس، اپنے میوزک پروڈیوسر جوکھے کے ساتھ نارتھ امریکہ ٹور کے لیے تیار ہیں۔
ینگ اسٹنز کے اس ٹور میں امریکہ کے پانچ بڑے شہروں میں پرفارمنس شیڈول کی گئی ہے، جس میں نیویارک کا شو پاکستانی اور ساؤتھ ایشین کمیونٹی کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔ٹور کے جاری کردہ پوسٹر کے مطابق، پہلا شو 14 نومبر کو اٹلانٹا میں ہوگا، جس کے بعد 15 نومبر کو نیویارک میں پرفارمنس شیڈول ہے۔ ٹور آگے بڑھتے ہوئے 20 نومبر کو شکاگو، 21 نومبر کو ڈیلاس اور 22 نومبر کو ہیوسٹن پہنچے گا۔
نیویارک میں ہونے والا شو بروکلین کے معروف میوزک وینیو سائیلو بروکلین میں منعقد ہوگا، جہاں ینگ اسٹنز اور جوکھے اپنے مداحوں کے سامنے لائیو پرفارم کریں گے۔ اس میوزیکل نائٹ کا اہتمام کراچی کمیونٹی ریڈیو، آر ایم لائیو اور فلی کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔طلحہ انجم اور طلحہ یونس نے اپنی منفرد شاعری، پُراثر بول اور جدید ہپ ہاپ انداز کے ذریعے اردو ریپ کو نوجوانوں میں مقبول بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جبکہ جوکھے کی میوزک پروڈکشن نے ان کے میوزک کو ایک الگ شناخت دی ہے۔گمان، افسانے اور پھر ملیں گے جیسے مقبول ٹریکس کے مداح اب ان فنکاروں کو امریکی شہروں میں براہِ راست پرفارم کرتے دیکھنے کے منتظر ہیں۔اس ٹور کی خاص اہمیت بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کے لیے بھی ہے، جو اپنی زبان، موسیقی اور ثقافت سے جڑے رہنے کے لیے ایسے ایونٹس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
اٹلانٹا سے نیویارک، شکاگو، ڈیلاس اور ہیوسٹن تک یہ ٹور پاکستانی اردو ریپ کو امریکی سامعین کے سامنے پیش کرنے کا ایک اہم موقع بن سکتا ہے۔منتظمین کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق، نیویارک شو کے ٹکٹس ڈائس پلیٹ فارم پر دستیاب ہیں۔ شائقین کو بکنگ، ٹکٹوں کی موجودہ دستیابی اور دیگر تفصیلات کے لیے آفیشل ایونٹ لنک چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔