نیویارک کے میئر زوہران کوامی ممدانی نے “دی لٹل ایپل” کے نام سے شہر کے پہلے مفت چائلڈ کیئر پروگرام کے لیے درخواستیں کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، جو خاص طور پر سرکاری ملازمین کے بچوں کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ پروگرام مکمل دن اور پورے سال کی بنیاد پر فراہم کیا جائے گا، جس میں 6 ہفتے سے 3 سال تک کے بچوں کی دیکھ بھال کی سہولت ہوگی۔ اس منصوبے کے لیے ایک نجی ادارے کو ذمہ داری دی گئی ہے جو ابتدائی تعلیم کے شعبے میں دو دہائیوں سے زائد تجربہ رکھتا ہے۔پائلٹ منصوبہ ڈیویڈ این ڈنکنز میونسپل بلڈنگ میں قائم کیا جائے گا، جہاں تقریباً 40 بچوں کے لیے گنجائش ہوگی۔ اس مقصد کے لیے 10 ملین ڈالر کی لاگت سے جدید سہولت سے آراستہ مرکز تیار کیا جا رہا ہے، جس کی تکمیل رواں سال خزاں تک متوقع ہے۔شہر انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام کام کرنے والے والدین کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا، جس سے انہیں سالانہ ہزاروں ڈالر کی بچت ہوگی اور ملازمین کی کارکردگی اور اطمینان میں بھی اضافہ متوقع ہے۔