vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک:پشتون ثقافت کا دن، خیبر سوسائٹی آف امریکا نےاپنا پرچم اور نغمہ متعارف کرادیا

0

نیویارک(نیوزڈیسک)خیبرسوسائٹی آف امریکا کے زیراہتمام سالانہ پشتون کلچرل ڈے منایا گیا، تنظیم  نے پہلی بار اپنا پرچم اور ترانہ متعارف کرادیا۔ نمایاں  شخصیات کوایوارڈش دیے گئے جبکہ ثقافتی موسیقی اور رقص نے محفل کا لطف دوبالا کردیا۔

خیبرسوسائٹی آف امریکا کے زیر اہتمام نیویارک میں منعقدہ سالانہ پشتون کلچرل ڈے میں پشتون کمیونٹی، سماجی رہنماؤں اورنمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی، تقریب کا باقائدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا جس کے بعد امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔

تقریب کی میزبانی کے فرائض ناصر خان اور ریحانہ مکین خان نے انجام دیے۔دونوں میزبانوں نے تمام  مہمانوں، بورڈ آف ڈائریکٹرز، کابینہ کے اراکین اور شرکا کی آمد پر ان  کا خیر مقدم کیا۔مقرین نے امریکا میں پشتون زبان، روایات، مہمان نوازی اور ثقافتی شناخت کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

خیبر سوسائٹی آف امریکا نےبورڈ آف ڈائریکٹرز اور کابینہ کے تمام اراکین کی موجودگی میں پہلی بار اپنا باقاعدہ پرچم اور آفیشل نغمہ متعارف کرادیا۔حاضرین سے خطاب میں  تاج اکبر، خیبر سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شفیق اور صدر خالد خٹک نے استقبالیہ خطابات کیے۔ مقررین نے پشتون ثقافت کے فروغ، کمیونٹی کے اتحاد، اور امریکا میں تنظیم کے مشن اور کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

تقریب کے دوران پاکستان کے ضلع بونیر میں سیلاب متاثرین کے لیے خیبر سوسائٹی آف امریکا کی امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں پر مبنی ایک ویڈیو پریزنٹیشن دکھائی گئی، جبکہ ان  فلاحی سرگرمیوں میں حصہ ڈالنے والے اسپانسرز کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

پشتون کلچرل ڈے میں نیویارک کے دسٹرکٹ 22 سے منتخب اسمبلی وومن میکائل سولاج،پاکستان کے ڈپٹی قونصل جنرل ساجد اللہ اور سردارحسین بابک بطور مہمانِ خصوصی شریک  ہوئے۔شرکا سے خطاب میں میکائل سولاج نے خیبر سوسائٹی کی خدمات کو سراہا اور انھیں  البنی میں واقع اسٹیٹ اسمبلی کے دورے کی دعوت بھی دی۔ان کا کہنا تھا کہ پشتون کمیونٹی کی تہذیب و ثقافت، کھانے، لباس اور موسیقی کو منفرد شناخت رکھتی ہے ۔

تقریب میں مہمانان ِ خصوصی ،خیبر  سوسائٹی آف امریکا کی کابینہ اراکین اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے صحافیوں کوان کی  خدمات کے اعتراف  میں ایوارڈز، تعریفی سرٹیفکیٹ اورسائٹیشن پیش کی گئیں ۔قبل ازیں تقریب کے کلیدی سیشن سے خطاب میں نیویار ک میں پاکستان کے ڈپٹی قونصل جنرل ساجد اللہ اور سردار حسین بابک نے پشتون تاریخ، روایات اور ایسے ثقافتی تہواروں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے بیرونِ ملک مقیم پشتونوں کی ثقافتی پہچان،اتحاد اور کمیونٹی کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب سے اختتام سے قبل پشتون ثقافت کی عکاسی کرتی موسیقی کی محفل سجی تو شرکا سے نہ رہا گیا ۔نوجوان اور بزرگ سب ہی رقص کرنے لگے۔آخر میں میزبان ناصر خان اور ریحانہ  مکین نے مہمانوں، منتظمین، رضاکاروں اور شرکا سےاظہارِ تشکر  کیا، اس موقع پر مہمانوں  کے لیے عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.