بروکلین میں ٹوٹرک فراڈ بےنقاب، گاڑیوں کی واپسی کےلیے 30 ہزار ڈالرتک طلب کرنے کا الزام
بروکلین(نیوزڈیسک) امریکہ میں گاڑیوں کے مالکان ہوشیار، نیویارک کے علاقے بروکلین میں ٹو ٹرک فراڈ کا بڑا معاملہ سامنے آگیا، جہاں حادثات کا شکار ہونے والی گاڑیاں ورکشاپ منتقل کرنے کے بعد مبینہ طور پر مالکان سے انہیں واپس کرنے کے لیے 30 ہزار ڈالر تک طلب کیے جاتے رہے۔بروکلین ڈسٹرکٹ اٹارنی کے مطابق اس مبینہ فراڈ سے 12 افراد متاثر ہوئے، جبکہ ملزم اور ایک آٹو ریپئر شاپ کے خلاف 29 الزامات پر مشتمل فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔
بروکلین میں ٹو ٹرک فراڈ کا انکشاف، جہاں حادثات کا شکار گاڑیاں ورکشاپ منتقل کرکے مالکان سے بھاری اسٹوریج فیس طلب کرنے کا الزام سامنے آیا ہے۔استغاثہ کے مطابق 35 سالہ اسٹیون وینٹورا اور State to State Automotive LLC مبینہ طور پر پولیس ریڈیو کی نشریات مانیٹر کرکے حادثات کی اطلاع حاصل کرتے اور جائے حادثہ پر پہنچ کر گاڑیاں ٹو کرنے کی پیشکش کرتے تھے۔
بعض متاثرین کو یہ تاثر بھی دیا گیا کہ ٹو ٹرک آپریٹر پولیس کے ساتھ کام کرتا ہے، جبکہ ملزم کے پاس مطلوبہ لائسنس بھی موجود نہیں تھا۔مقدمے کے مطابق ایک خاتون کو گاڑی واپس لینے کے لیے روزانہ 150 ڈالر اسٹوریج فیس ادا کرنے کا کہا گیا، جو تقریباً چھ ماہ میں 30 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی۔ میڈیا رپورٹ نشر ہونے کے بعد فروری 2025 میں خاتون کو گاڑی واپس مل گئی۔ایک دوسرے واقعے میں گاڑی ایک سال سے زائد عرصے تک ورکشاپ میں کھڑی رہی، جسے پولیس نے دسمبر 2025 میں سرچ وارنٹ کے ذریعے برآمد کیا۔ دیگر متاثرین سے بھی 5 ہزار 220 اور 10 ہزار 680 ڈالر تک طلب کیے جانے کا الزام ہے۔
بروکلین ڈسٹرکٹ اٹارنی ایرک گونزالیز اور نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے 24 نومبر 2026 کو مقدمے کی تفصیلات جاری کیں۔ ملزم کو 13 نومبر کو فلوریڈا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کیس میں 12 متاثرین اور 29 الزامات شامل ہیں۔ملزم نے عدالت میں خود کو بے گناہ قرار دیا، جبکہ اگلی سماعت 24 فروری 2027 کو مقرر کی گئی ہے۔نیویارک حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑی ٹو کروانے سے پہلے کمپنی کا لائسنس، فیس اور ورکشاپ کی تفصیلات ضرور چیک کریں۔