ایڈمز کا شعبہ ثقافت کے لیے 299.6 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور محکمہ ثقافت کی کمشنر لوری کومبو نے مالی سال 2026 کے منظور شدہ بجٹ میں شعبہ ثقافت کے لیے ریکارڈ 299.6 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، یہ گزشتہ ایک دہائی میں محکمہ ثقافت کے لیے پہلا بڑا بیس لائن اضافہ ہے۔ بجٹ میں مزید 30 ملین ڈالر کی نئی رقم بھی شامل کی گئی ہے، جس سے مجموعی طور پر اس سال محکمہ ثقافت میں 75 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ فنڈنگ کلچرل ڈیولپمنٹ فنڈ اور شہر بھر میں واقع 34 کلچرل انسٹی ٹیوشنز گروپ کی تنظیموں کو تقویت دے گی جبکہ سٹی کی تینوں لائبریری نظاموں کے لیے بھی 17 ملین ڈالر کا اضافی فنڈ مختص کیا گیا ہے، جس سے لائبریریوں کے لیے کل سرمایہ کاری 523 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ میئر ایڈمز کے مطابق یہ سرمایہ کاری صرف فنون لطیفہ تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، برادری، سیاحت، معاشی ترقی اور نوجوانوں کی ذہنی تربیت جیسے شعبوں پر بھی مثبت اثر ڈالے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ بجٹ صرف اعدادوشمار کا مجموعہ نہیں بلکہ ہر اس بچے کے لیے ہے جو میوزیم دیکھ کر خلا نورد بننے کا خواب دیکھے، اس فیملی کے لیے ہے جو ثقافتی باغ میں وقت گزارنا چاہے، اور اس فنکار کے لیے ہے جو اپنی شناخت کے لیے پلیٹ فارم تلاش کر رہا ہو۔ مالی سال 2026 کے بجٹ میں نہ صرف ثقافتی اداروں بلکہ افورڈیبل ہاؤسنگ، آفتر اسکول پروگرام، 3-K، اسپیشل ایجوکیشن اور ٹیکس میں کمی جیسے کئی سماجی منصوبوں کے لیے بھی خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اس بجٹ کے ذریعے میئر ایڈمز کی "بیسٹ بجٹ ایور” حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے، جس کا مقصد نیویارک سٹی کو خاندانوں کے لیے محفوظ، قابل برداشت اور خوشحال شہر بنانا ہے۔