ایڈمز کا ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے ’مین ہٹن پلان‘ متعارف
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور محکمہ منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر ڈین گیروڈنک نے مین ہٹن میں ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے “مین ہٹن پلان” کے عوامی مشاورتی عمل کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد آئندہ 10 برسوں میں مین ہٹن میں 100,000 نئے گھروں کی تعمیر ہے۔ مشاورتی عمل کے تحت ایک نئی ویب سائٹ اور سروے بھی متعارف کروایا گیا ہے، جس کے ذریعے شہریوں، مقامی نمائندوں اور اداروں سے تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ محکمہ منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر ڈین گیروڈنک کا کہنا ہے کہ مین ہٹن پلان کے تحت ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے گی جہاں نئے گھروں کی تعمیر ممکن ہو، ساتھ ہی زوننگ اپڈیٹس، پالیسی تبدیلیوں اور دیگر تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق منصوبے کے نتائج پر مبنی ایک رپورٹ سال کے آخر میں جاری کی جائے گی، جس میں رہائشی تعمیرات میں اضافے کے لیے مفصل حکمت عملی دی جائے گی۔ ایڈمز کا کہنا ہے کہ مین ہٹن میں گھروں کی تعمیر میں گزشتہ دہائیوں سے نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ رہائش کے اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ 2021 سے 2024 کے دوران مین ہٹن میں ہاؤسنگ کی پیداوار، اسٹیٹن آئی لینڈ کے بعد سب سے کم رہی۔ اس تناظر میں ایڈمز انتظامیہ مین ہٹن میں ہاؤسنگ کی دستیابی بہتر بنانے کے لیے نئے ضوابط، سرکاری زمینوں کے استعمال اور دیگر اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔ میئر کے مطابق یہ منصوبہ "City of Yes” ہاؤسنگ پالیسی کے تحت جاری ان اقدامات کا حصہ ہے جن کے ذریعے شہر بھر میں ہاؤسنگ بحران پر قابو پانے اور مختلف آمدنی والے طبقات کو رہائش فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔