امریکا: لوزیانا کے رہائشی کا میڈیکیئر فراڈ کا اعتراف جرم
لوزیانا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست لوزیانا کے رہائشی مائیکل ایل ریگنز نے میڈیکیئر سے مہنگے اور غیر ضروری طبی آلات کے جعلی دعوے جمع کروانے کی پانچ سالہ سازش میں قصوروار تسلیم کرتے ہوئے اعتراف جرم کر لیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، بلو واٹر ہیلتھ کیئر کمپنی کا مالک مائیکل ایل ریگنز نے 2018 سے 2023 کے دوران ڈاکٹروں سے جعلی نسخے اور میڈیکل سرٹیفیکیٹس حاصل کر کے لاکھوں ڈالر کے غیر ضروری آلات میڈیکیئر کو بل کیے۔ عدالت میں جمع کروائی گئی دستاویزات کے مطابق، ریگنز نے رشوت کے ذریعے ڈاکٹروں سے غیر ضروری آرڈرز کروائے اور سینکڑوں شکایات کے باوجود 38 لاکھ ڈالر سے زائد کے جعلی دعوے دائر کیے جن میں سے 18 لاکھ ڈالر وصول کیے۔ ریگنز کو 2 اکتوبر کو سزا سنائی جائے گی جس میں 10 سال تک قید ہو سکتی ہے۔ یہ کیس محکمہ صحت و انسانی خدمات کی تحقیقات میں سامنے آیا ہے جبکہ محکمہ انصاف اور فیڈرل عدالت اس مقدمے کی پیروی کر رہی ہیں۔ محکمہ انصاف کے مطابق، ہیلتھ کیئر فراڈ اسٹرائیک فورس پروگرام کے تحت اب تک 5,800 سے زائد افراد پر مقدمات چلائے جا چکے ہیں جنہوں نے وفاقی اور نجی صحت پروگراموں کو 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچایا ہے۔