فلوریڈا کے بوکا ریٹن میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، تین افراد جاں بحق
بوکا ریٹن(ویب ڈیسک) فلوریڈا کے شہر بوکا ریٹن میں جمعے کی صبح ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے کی تصدیق مقامی حکام اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کی ہے۔
بوکا فائر ریسکیو کے اسسٹنٹ فائر چیف مائیکل لاسالے کے مطابق، طیارے کو فنی خرابی کا سامنا تھا جس کے باعث وہ ملٹری ٹریل کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے وقت زمین پر موجود ایک گاڑی بھی متاثر ہوئی، تاہم گاڑی میں سوار شخص کو غیر مہلک چوٹیں آئیں اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ سیسنا 310 آر تھا، جو بوکا ریٹن ایئرپورٹ سے پرواز کر کے ٹلہا سی انٹرنیشنل ایئرپورٹ جا رہا تھا۔ طیارہ پرواز کے صرف 20 منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا، جس کی تصدیق Flightradar24 کے ڈیٹا سے بھی ہوئی ہے۔عینی شاہد ڈیلن اسمتھ کے مطابق طیارہ انتہائی نیچی پرواز کر رہا تھا اور کچھ لمحوں کے لیے ایسا محسوس ہوا کہ وہ کسی عمارت سے ٹکرا جائے گا۔واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کا ملبہ ریل کی پٹریوں کے قریب بکھرا ہوا ہے جبکہ فائر ڈیپارٹمنٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور دیگر تحقیقاتی ادارے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔