نیویارک: پاکستانی نژاد خاتون ڈاکٹر نے میڈیکل سینٹر کھول لیا
نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں راس میڈ کے نام سے میڈیکل سینٹر کا افتتاح ہوگیا۔اس کلینک میں جدید طبی سہولتیں میسر ہوں گی۔
لانگ آئی لینڈ کے علاقے ویلی اسٹریم میں ایشین کمیونٹی کے لئے جدید طبی سہولیات سے آراستہ "راس میڈ ” میڈیکل سینٹر کا افتتاح کردیا گیا، راس میڈ کی گرینڈ اوپننگ میں ایشین کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعدادمیں شرکت کی اور راس میڈ میڈیکل سینٹر کے افتتاح کو کمیونٹی کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے ۔اس موقع پر ناساو کاؤنٹی ایگزیکٹو کے سینئر ایڈوائزر چوہدری اکرم اور ایشین امریکن افئیر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عون نقوی نےکہاراس میڈ کی اوپننگ ہمارے لئے اور ایشین کمیونٹی کے لئے بڑا دن ہے ، اس کا مشن چھوٹے کاروبار کو سپورٹ کرنا ہے ۔ڈاکٹر سعیدہ انعم ، ڈاکٹر فاطمہ اکبر اور ڈاکٹر مریم پرویز نے بتایا کہ راس میڈ میڈیکل سینٹر میں ڈاکٹروں کی بہترین ٹیم موجود ہے ، ہم اپنی کمیونٹی کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔
راس میڈ میڈیکل کی افتتاحی تقریب میں شریک کاروبار ی و سماجی شخصیت کریم وٹو، عادل رحمان ، محسن شاہ نے کہا یہاں پر ہماری کمیونٹی بہت بڑی تعداد میں موجود ہے ، اس لئے یہاں پر میڈیکل آفس کی اشد ضرورت تھی، ہماری دعائیں راس میڈ کے ساتھ ہیں۔راس میڈ میڈیکل سینٹر کی انتظامیہ نے تقریب میں ایشین کمیونٹی کے نمائندوں سے اظہار تشکر کیا ، اس موقع پر ناساو کاونٹی ایگزیکٹیو آفس کی طرف سے ڈاکٹروں اور نمایاں شخصیات کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں ۔