کوئنز: ایم ٹی اے کی تعمیراتی سرگرمیوں سے مقامی کاروبار مالی مشکلات کا شکار
کوئنز(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے کوئنز میں جاری ایم ٹی اے کی تعمیراتی سرگرمیوں نے مقامی کاروباروں کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
کوئنز کے علاقے فارسٹ ہلز کے ریستوران اور دکانوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر منصوبے کی وجہ سے نہ صرف اُن کے کسٹمرز کم ہو گئے ہیں بلکہ انہوں نے جو سرمایہ کاری کی تھی، وہ بھی ضائع ہو رہی ہے۔ ریستوران کے باہر نصب رکاوٹوں کے سبب آؤٹ ڈور ڈائننگ بند ہو چکی ہے، حالانکہ اس کے لیے مالکان نے بیس ہزار ڈالر کی لاگت سے باقاعدہ شیڈ تعمیر کروایا تھا۔ متاثرہ کاروباروں میں نیچرل مارکیٹ، ہیٖنا بیگل اسٹور، دی وائٹ ریڈش اور ایک چینی ریستوران شامل ہیں۔ اے بی سی 7 خبررساں ایجنسی کے مطابق، نیچرل مارکیٹ کے مالک برن گوتم نے بتایا کہ جہاں پہلے گاہکوں کا ہجوم ہوتا تھا، اب خالی دکان دیکھ کر مایوسی ہوتی ہے۔ دی وائٹ ریڈش کے مالک پال سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے کئی مہینوں سے ہر ماہ تیس ہزار ڈالر تک کا نقصان برداشت کر رہے ہیں، اور پارکنگ کی عدم دستیابی نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے۔ ایم ٹی اے کی تعمیر نو کا منصوبہ ایل آئی آر آر کے ایک پرانے اوورپاس کو تبدیل کرنے کا ہے، جس کے دوران ٹرین سروس جاری رکھی گئی ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث کئی دکانوں کے داخلی راستے محدود ہو چکے ہیں اور گاہکوں کی آمد میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ ہیٖنا بیگل اسٹور کے مالک وِشال کمار پٹیل نے بتایا کہ انہوں نے اپنی جمع پونجی اور بچت اس کاروبار میں لگائی تھی مگر اب انہیں شدید نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ایم ٹی اے کے چیئرمین جینو لیبر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ متاثرہ کاروباروں سے رابطے میں رہیں گے اور حالات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، لیکن ان کا کہنا ہے کہ پرانے اور بوسیدہ ڈھانچے کو لازمی تبدیل کرنا ہے، اور تعمیراتی سرگرمیاں کسی نہ کسی مقام پر جاری رکھنی ہوں گی۔ مقامی کاروباری افراد کو امید ہے کہ ایم ٹی اے جلد ہی متبادل حل فراہم کرے گا تاکہ وہ دوبارہ بحالی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔