امریکا: فلسطین کی حمایت کرنے والے 300 غیر ملکی طلبا کے ویزے منسوخ
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ فلسطین کی حمایت کرنے پر 300 غیر ملکی طلبا کے ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں ۔ماہرین اور وکلا نے طلبا کی گرفتاریاں اور ویزا منسوخی کو آزادیِ اظہارِ رائے کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
میڈیا بریفنگ کے ترک طالبہ رومیسہ اوزترک کی گرفتاری اور ویزا منسوخی سے متعلق سوال کے جواب میں امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ غیر ملکی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے کی تعداد 300 تک ہوسکتی ہے ۔امریکی وزیرخارجہ نے فلسطین کے حامیوں کے لیے جنونیوں کا لفظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ان افراد کا تعاقب کر رہی ہے اور مختلف علاقوں میں امیگریشن نے متعدد اسکالرز کو بھی حراست میں لیا ہے۔ ہم ہر روز یہ کارروائیاں کررہے ہیں۔ ایسے افراد جہاں بھی ملیں گے ان کا ویزا منسوخ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ غزہ کے مظلوم فلسطینوں کے حق میں بات کرنے پر متعدد غیرملکی طلبا کے ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں۔ ماہرین اور وکلا کا کہنا ہے کہ طلبا کی گرفتاریاں اور ویزا منسوخی آزادی اظہار کی خلاف ورزی ہے۔