نیویارک: بین المذاہب رواداری واک، گردوارہ سے شروع ہوکر مندر پر اختتام پذیر
کوئنز(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے کوئنز میں 17ویں سالانہ انٹرفیتھ یونٹی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہندو کمیونٹی سمیت دیگر مذاہب کے افراد نے بھی شرکت کی۔
حکام کے مطابق، اس واک کا اہتمام فلشنگ انٹرفیتھ کونسل نے کیا، جس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ شرکاء نے مختلف مذہبی مراکز کا دورہ کیا، ان کے عقائد اور تاریخ سے آگاہی حاصل کی اور سنگھ سبھا گردوارہ کی جانب سے پیش کردہ کھانے سے لطف اندوز ہوئے۔ واک میں ہندو ٹیمپل سوسائٹی آف نارتھ امریکہ، یونیٹیرین یونیورسلسٹ کانگریگیشن آف کوئینز، سائی بابا ٹیمپل، فلشنگ مسجد اور دیگر مذاہب کے رہنما بھی شریک تھے۔ واک کا آغاز سکھ سینٹر آف نیویارک سے ہوا، جہاں سکھ مذہب کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی گئی۔ ساتھ ہی بون ہاؤس کے دورے کے دوران 350 سال پرانی فلشنگ ریمانسٹرنس کی تاریخی اہمیت بیان کی گئی، جو مذہبی آزادی کی حمایت میں لکھی گئی تھی۔ واک کا اختتام بی اے پی ایس سوامی نارائن مندر پر ہوا، جہاں شرکاء نے ہندو مت پر پریزنٹیشن دیکھی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر گفتگو کی۔ فلشنگ انٹرفیتھ کونسل رچمنڈ ہل میں بھی یونٹی واک منعقد کرتی ہے اور سالانہ فلشنگ گنیشا پریڈ اور انٹرفیتھ پکنک کا بھی اہتمام کرتی ہے۔