نیویارک: اٹلانٹک ایونیو میں مکسڈ-یوز پلان کی منظوری
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور سٹی پلاننگ کمیشن ڈینیل گاروڈنک نے بروکلین میں 4,600 نئے گھروں اور 2,800 مستقل ملازمتوں کے لیے اٹلانٹک ایونیو مکسڈ-یوز پلان کی منظوری دے دی۔
میئر ایڈمز نے کہا اس منصوبے میں 1,440 کم آمدنی والے افراد کے لیے مخصوص مکانات شامل ہیں اور یہ تقریباً 21 بلاکس پر محیط ہوگا۔ یہ منصوبہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ جدید ہاؤسنگ یونٹس، پارکوں کی بہتری، اور ٹریفک کی حفاظت کے اقدامات پر مشتمل ہے۔ ڈینیل گاروڈنک نے کہا 24.2 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے سینٹ اینڈریو پارک، نکاسی آب کا نظام اور دیگر بنیادی سہولیات کو جدید بنایا جائے گا۔ ساتھ ہی منصوبے میں 8 لاکھ مربع فٹ تجارتی جگہ، کمیونٹی سہولیات، اور پیدل چلنے والوں کے لیے کھلی جگہیں شامل کی جائیں گی۔ میئر ایڈمز کے مطابق، یہ منصوبہ شہر میں رہائش کے بحران سے نمٹنے اور اقتصادی مواقع بڑھانے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا یہ منصوبہ اب نیویارک سٹی کونسل کے سامنے حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ دیگر منصوبے جیسے کہ کونی آئی لینڈ ری ڈیولپمنٹ، مڈ ٹاؤن ساؤتھ زوننگ، اور سٹی آف یس فار ہاؤسنگ اپرچونٹی بھی نیویارک میں ہاؤسنگ کے مسائل کے حل کے لیے جاری ہیں۔