ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز کا مفت چیکڈ بیگ پالیسی ختم کرنے کا اعلان
امریکا کے ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز نے اپنی مشہور مفت چیکڈ بیگ سہولت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو 28 مئی سے نافذ العمل ہوگی۔
ایئر لائن حکام کے مطابق، پہلی اور دوسری چیکڈ بیگ پر فیس وصول کی جائے گی، لیکن A-List لائلٹی پروگرام کے ممبران، بزنس کلاس مسافر اور ریپڈ ریوارڈز کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کو ایک بیگ کی سہولت بدستور حاصل رہے گی۔ یہ اقدام ساؤتھ ویسٹ کے لیے ایک بڑی پالیسی تبدیلی ہے، کیونکہ ایئر لائن گزشتہ 60 سال سے مفت بیگیج کی سہولت فراہم کر رہی تھی۔ کمپنی کے سی ای او باب جارڈن کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ایئر لائن کو مزید منافع بخش بنانا اور نئے صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے۔ لیکن ساؤتھ ویسٹ نے اب تک چیکڈ بیگ کی نئی فیس کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ ایئر لائن کے اس فیصلے پر دیگر حریف کمپنیوں نے فوری ردعمل دیا۔ ڈیلٹا ایئر لائنز کے سی ای او ایڈ باسٹین نے کہا کہ یہ پالیسی تبدیلی ان کے لیے موقع فراہم کر سکتی ہے، کیونکہ کئی صارفین ساؤتھ ویسٹ کو مفت بیگیج سہولت کی وجہ سے ترجیح دیتے تھے۔ ساؤتھ ویسٹ نے حالیہ مہینوں میں دیگر نمایاں تبدیلیاں بھی کی ہیں، جن میں اوپن سیٹنگ سسٹم کا خاتمہ، پریمیئم سیٹس کی متعارف کروائی، ریڈ آئی فلائٹس کا آغاز، اور ٹکٹوں کی فروخت کے لیے ایکسپیڈیا جیسے پلیٹ فارمز کا استعمال شامل ہے۔ ساتھ ہی ایئر لائن مئی سے بیسک اکانومی کلاس متعارف کروا رہی ہے، جو کم قیمت پر زیادہ شرائط کے ساتھ دستیاب ہوگی۔ حکام کے مطابق کمپنی نے گزشتہ ماہ 1,750 ملازمین کو فارغ کیا، جو ساؤتھ ویسٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اجتماعی برطرفی تھی۔ اس اقدام سے 2024 میں 210 ملین ڈالر اور 2026 تک 300 ملین ڈالر کی بچت متوقع ہے۔